مزید خبریں

ازلان شاہ ہاکی کپ، قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ آج سے کراچی میں شروع ہوگا

کراچی (اسپورٹس رپورٹر):سلطان ازلان شاہ ہاکی کپ ملائشیا میں شرکت کرنے والی پاکستان ہاکی ٹیم کی تیاری کے سلسلے میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام قومی ہاکی تربیتی کیمپ میں آج کھلاڑی عبدالستار ایدھی ہاکی ا سٹیڈیم میں رپورٹ کرینگے۔ گزشتہ روز جاری اعلامیہ کے مطابق قومی ہاکی کیمپ مینجمنٹ نے اس سلسلے میں کیمپ کے انتظامات سے متعلق صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن سیدہ شہلا رضا کو بریفنگ دی۔ صدر پی ایچ ایف شہلا رضا نے کہا کہ کھلاڑیوں کو بہترین تربیت سے آراستہ کرینگے،پرامید ہوں کہ کھلاڑی سلطان ازلان شاہ کپ میں اعلی کارکردگی دکھائیں گے۔ قومی ہاکی کیمپ مینجمنٹ کی جانب سے کوچز اولمپیئن ایاز محمود، اولمپیئن وسیم فروز، اولمپیئن ریحان بٹ، اولمپیئن محمد ثقلین نے صدر پی ایچ ایف شہلا رضا کو کیمپ میں کھلاڑیوں کی تربیت اور انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر ممبر قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی اولمپیئن ناصر علی اور سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف حیدر حسین بھی موجود تھے۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل پاکستان ہاکی فیڈریشن حیدر حسین نے صدر پی ایچ ایف شہلا رضا کو قومی ہاکی تربیتی کیمپ کے انتظامات سے متعلق آگاہی دی۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی رہائش سمیت قومی ہاکی تربیتی کیمپ کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔انہوں نے صدر پی ایچ ایف کو آگاہ کیا کہ2 کھلاڑی احمد ندیم اور غضنفر علی لیگ کے سلسلے میں بیرون ملک موجود ہیں جنہوں نے 23 اپریل کو کیمپ میں رپورٹ کرنے کی درخواست کی ہے جسکی منظوری صدر پی ایچ ایف شہلا رضا نے دے دی۔صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن سیدہ شہلا رضا نے قومی ہاکی کیمپ مینجمنٹ کو ہدایات جاری کیں کہ کھلاڑیوں کو بہترین تربیت سے آراستہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ میں پرامید ہوں کہ کھلاڑی سلطان ازلان شاہ کپ میں اعلی کارکردگی دکھائینگے۔