مزید خبریں

میراتھون کے نام پر شعائر اسلام کی بے حرمتی برداشت نہیں

کراچی (سید وزیر علی قادری) پاکستان میں کھیل کے نام پر منتظمین کوئی لمحہ ایسا نہیں جانے دیتے جو ان کے آقائوں کو خوش کرنے اور رب کریم کی ناراضگی کا سبب نہ بنے۔ گزشتہ روز سرکاری سرپرستی میں کراچی کے ساحل کلفٹن سی ویو کے مقام پر میراتھون کا انعقاد کیا گیا جس میں کئی شرکاء نے دین اسلام کے احکامات کی دھجیاں بکھیرنے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی۔ میراتھون ایونٹ میں مرد و خواتین کو ایک ساتھ دوڑایا گیا اور مادر پدر آزاد خیالات رکھنے والوں نے شعائر اسلام کے خلاف لباس زیب تن کیا ہوا تھا۔ ایک ایسے موقع پر جب غزہ میں اسرائیل نے معصوم بچوں کا قتل عام روا رکھا ہوا ہے ان کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس بات کا خیال بھی نہیں رکھا گیا کہ خون آلود فضا پر نوحا پڑھا جائے۔ سنجیدہ حلقوں نے اس طرز عمل پر جس میں نگراں وزیر اور دیگر سرکاری افسران بھی موجود تھے اور ان کی ایما پر یہ ایونٹ منعقد کیا گیا سخت مذمت کی ہے اور باور کرایا کہ یہ ملک اسلام کے نام پر بنا ہے اور اس کی حفاظت کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ کھیل تماشے کے ذریعے مسلمانوں کی دل آزاری کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کرے اور مستقبل میں ایسے پروگرامات کی بیخ کنی ضروری ہے۔