مزید خبریں

دبئی سے سکردو کے لئے براہ راست پروازیں شروع کر دی ہیں، دبئی قونصلیٹ جنرل حسین محمد

متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے قونصل جنرل حسین محمد کے ہمراہ دبئی میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے وفد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بتایا گیا کہ پی آئی اے 3 مئی 2024 سے پاکستان کے شمالی علاقے سکردو کے لئے براہ راست پروازیں شروع کر رھی ہے تاکہ سیاحوں اورعلاقے کے رہائشیوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔پاکستان میں سیاحت کے وسیع امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ پی آئی اے کی جانب سے بلتستان کے سیاحوں اور عوام کو سہولت فراہم کرنا ایک مثبت قدم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں 8000 میٹر سے اوپر کی پانچ چوٹیاں ہیں جن میں سے 4 سکردو میں واقع ہیں جبکہ ہمارے ملک میں 7،000 میٹر سے اوپر 108 چوٹیاں موجود ہیں۔ فیصل نیاز ترمذی نے متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں کو دنیا کے سب سے خوبصورت مقامات میں سے ایک کے لئے براہ راست پرواز لینے کے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے شمالی علاقہ جات کی بے مثال قدرتی خوبصورتی کو دریافت کرنے کی دعوت دی۔ سکردو میں 2226 میٹر کی بلندی پر واقع کٹپنا سرد صحرا دنیا کا بلند ترین سرد صحرا ہے۔ فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ سکردو خوبصورت جھیلوں، وادیوں اور حیرت انگیز مناظر کا حامل علاقہ ہے۔پی آئی اے کی ٹیم میں ریجنل منیجر مڈل ایسٹ ذیشان احمد، سیلز ایگزیکٹو محمد قاسم عباسی، منیجر شارجہ و ناردرن امارات سرمد اعزاز اور ابوظہبی کی ایریا منیجر صائمہ اسلم شامل تھیں۔ذیشان احمد نے پی آئی اے کے اس اقدام کو فروغ دینے اور اس کی حمایت کرنے پر سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ یاد رھے چند ماہ قبل بھی دوبئی سے سکردو کے لئے براہ راست پروازوں کا آغاز کیا گیا تھا جسے فورا ہی بند کر دیا گیا تھا اب ایک بار پھر اعلان کیا گیا ھے کہ دوبئی سے ھفتہ وار پرواز کا آغاز کیا جا رھا ھے پرواز جمعہ کے دن دوبئی سے سکردو جایا کرے اور ھر سوموار کو سکردو سے واپسی ھو گی ،متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں خصوصا گلگت بلتستان کے باشندوں نے پی آئی اے کا شکریہ ادا کیا ہے۔