مزید خبریں

بیٹے کا سہرا دیکھنے کا ارمان تھا‘ ظالموں نے کفن پہنا دیا ‘والدہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اورنگی ٹائون میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل ہونے والے نوجوان شہروز کے گھر میں کہرام مچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹائون ایک نمبر قذافی چوک پر گزشتہ روز ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر مقتول دکان دار تاجر شہروزکی والدہ نے جنازے کے موقع پر زاروقطار روتے ہوئے بتا یا کہ مقتول شہروز کے نکاح کی بات پکی کرنے کے لیے لڑکی والے اتوار کے روز گھرآنے والے تھے۔ بیٹے کا سہرا دیکھنے کا ارمان تھا ظالموں نے کفن پہنا دیا۔ مقتول شہروز کے والدین اور بہن بھائی شدت غم سے نڈھال ہیں۔مقتول کی والدہ کہتی ہیں جو چھیننا ہے چھین لو کم سے کم کسی کو جان سے تو نہ مارو، بیٹے کی بات پکی کردی تھی جو اتوار کو اسے دیکھنے کے لیے آنے والے تھے۔مقتول شہروز کے والد نے پہلے بھی دکان پر سات آٹھ مرتبہ ڈکیتی ہونے کا انکشاف کیا ۔ بڑا بھائی بھی صدمے سے بے حال ہے۔ شہروز کے والد کا کہنا ہے کہ پولیس ایسے اقدامات کرے کہ آئندہ ایسے واقعات ہی رونما نہ ہوں۔