مزید خبریں

سعودی حکام کا پہلی بار آنے والے غیرملکیوں کی کسٹم ڈیوٹی معاف کرنے کااعلان

ریاض(انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی حکام نے پہلی بار آنے والے غیرملکیوں کی کسٹم ڈیوٹی معاف کرنے کااعلان کردیا۔ سعودی گزٹ کے مطابق محکمہ کسٹم نے ذاتی استعمال کا گھریلو سامان لانے سے متعلق کسٹم قوانین میں تبدیلی کی منظوری دے دی ہے اور اس سلسلے میں اعلامیہ بھی جاری کیا گیا ہے۔اعلامیے کے مطابق سعودی شہری یا پہلی بار رہایشی ویزے پر ملک آنے والے غیر ملکیوں کو ذاتی استعمال کے لیے سامان لانے کی اجازت ہوگی اور ان پر کسٹم ڈیوٹی عائد نہیں کی جائے گی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اگر سعودی شہری بیرون ملک سے کم از کم 6 ماہ بعد آتے ہیں، تو وہ اپنے ساتھ کارگو کے ذریعے ذاتی سامان بغیر کسٹم ڈیوٹی کے لا سکتے ہیں۔محکمہ کسٹم نے شرط عائد کی ہے کہ شہریوں کو لائے گئے ذاتی سامان کے بیرون ملک استعمال کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا۔اس کے علاوہ غیر ملکیوں کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ پہلی بار سعودی عرب آئے ہیں۔