مزید خبریں

امریکا: بارش اور طوفان سے ڈھائی لاکھ مکانات بجلی سے محروم

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) شدید طوفان اور بارش کے باعث امریکا کی شمال مشرقی ریاستوں میں ڈھائی لاکھ سے زائد گھروں اور کاروباری مراکز کی بجلی منقطع ہوگئی۔ نیویارک، نیو جرسی، کنیکٹی کٹ، میساچوسٹس اور نیو ہیمپشائر میں موسم کی خراب صورتحال نے زندگی کو بری طرح متاثر کیا۔ نیویارک میونسپلٹی نے شہریوں کوغیر متوقع سیلاب سے خبردار کردیا۔ میئر ایرک ایڈمز نے نیویارک کے شہریوں کو مشورہ دیا کہ جب تک ضروری نہ ہو ٹریفک سے گریز کریں اور پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ملک کی شمال مشرقی ریاستوں میں شدید طوفان کی وجہ سے بجلی کی لائنوں پر درخت گرنے سے ڈھائی لاکھ سے زائد مکانات اور کاروباری مراکز کو بجلی کی ترسیل منقطع ہے۔ دوسری جانب امریکا میں کی گئی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے 3کروڑ 20لاکھ سے زائد امریکیوں نے سیلاب کا بلند خطرہ ہونے والے علاقوں سے نقل مکانی کی ہے۔ نیچر کمیونیکیشنز نامی جریدے میں شائع ہونے والی نئی تحقیق میں ان علاقوں کی نشاندہی کی گئی جنہیں ـ’کلائمیٹ ابنڈونمنٹ ایریاز‘ کہا جاتا ہے۔تحقیق میں بتایا گیا کہ 2000 ء سے 2020 ء کے درمیانی عرصے میں امریکا میں 3کروڑ سے زائد انسانوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث سیلاب کے خطرات کے پیش ِ نظر نقل مکانی کی ہے۔