مزید خبریں

عوام اور کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہو رہا ہے

کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اکانومی واچ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرسیف الدین شیخ نے کہا ہے کہ روپے کی قدر میں مسلسل اضافہ اور چینی کی قیمت میں کمی کا سارا کریڈٹ چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کو جاتا ہے۔ انھوں نے سمگلنگ منی لانڈرنگ اور سٹہ بازی کے خاتمہ کے لئے بھی اہم اقدامات کئے ہیں جس سے عوام اور کاروباری برادری کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ عوام کو ریلیف دینے اور ڈالر کو اسکی اوقات میں رکھنے کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں۔ سیف الدین شیخ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ سپہ سالار نے چند دن میں وہ کام کیا ہے جو سیاستدان اور بیوروکریسی کے بس کی بات ہی نہیں تھی ۔شوگر مافیا خوفزدہ ہو گئی ہے تاہم بعض عناصر انھیں تحفظ دینا اور ان سے مہنگی چینی خریدنا چاہتے ہیں جو عوام کے مفادات کے قربانی دینے کے مترادف ہے۔ انھوں نے کہا کہ سیاسی مصلحتوں نے ملکی معیشت کا حلیہ بگاڑ دیا ہے ۔ میرٹ کو ہر جگہ پامال کیا گیا ہے اور متعدد اہم ادارے سیاسی جماعتوں کے بھرتی کے مراکز بن چکے ہیں جسکی وجہ سے سالانہ کھربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے مگر اب عوام کو امید ہو گئی ہے کہ جنرل عاصم منیر صورتحال کو بہتر بنانے اور پاکستان میں ایک سو ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کے لئے پر عزم ہیں۔