مزید خبریں

اسلامی نظام حیات میں مزدور حقوق کا تحفظ ہے

نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے مرکزی صدر شمس الرحمان سواتی اور نیشنل لیبر فیڈریشن خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر طلا محمد نے جنرل سیکرٹری فلک تاج کے ساتھ حیات آباد انڈسٹریل زون پشاور کا ایک روزہ دورہ کیا۔ انہوں نے نیشنل لیبر فیڈریشن کے ذمہ داران کے ساتھ ملاقات کی اور یوم خندق کے سلسلے میں منعقدہ پروگرام میں شرکت کی۔ حیات آباد زون کے صدر محمد ولی نے کہا کہ مرکزی قیادت کا دورہ قابل ستائش ہے۔ طلا محمد نے کہا کہ آج ہم جس نسبت سے یہاں بیٹھے ہیں اس کا مقصد بہت عظیم ہے۔ محمد ؐ نے جنگ خندق کی تیاری کے سلسلے میں صحابہ کرام کے ساتھ مل کر خندق کھودی اور رہتی دنیا کے لیے ایک مثال چھوڑی کہ اپنے مقصد کے حصول میں کسی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کریں گے۔ صدر شمس الرحمان سواتی نے کہا کہ مزدوروں کے پہلے لیڈر محمد ؐ نے محنت کشوں کے حقوق کا تعین کیا۔ نبی کریمؐ نے فرمایا کہ مزدور کو اس کی مزدوری پسینہ خشک ہونے سے پہلے دو۔ آخری خطبے میں مزدوروں کے لیے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش
کرتے ہوئے کہا کہ مزدور محنت کش تمہارے بھائی ہیں ان کو وہ کھانا دو جو تم خود کھاتے ہو، پہننے کے لیے وہی کپڑے دو جو تم خود پہنتے ہو اور ان کے ساتھ سختی سے مت پیش آئو۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک میں رسمی اور غیر رسمی مزدوروں کو قومی دھارے میں لانا ہے ۔ ہم نے ساڑھے سات کروڑ محنت کشوں کو اسلامی انقلاب کا ہر اول دستہ بنا نا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کے نظام کو تبدیل کرنے کے لیے اور
ملک میں حقیقی بنیادوں پر اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے ہمیں محنت کشوں کی تربیت کرنی ہے۔محنت کشوں کے اندر یہ شعور اجاگر کر کے ووٹ کی پرچی کے ذریعے انقلاب لانا ہے۔ جاگیر دارانہ اور سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ کرکے ایک دیانت دار اور ایماندار قیادت کو آگے لانا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لیبر قوانین کا اطلاق دہاڑی دار ، کارخانوں کے اندر کام کرنے والے مزدور، گھروں میں کام کرنے والے ملازمین، ورکشاپس، دوکان، بھٹہ میں کام کرنے والوںپر لیبر قوانین کا اطلاق کرے اور ان کو یہ حقوق دیے جائیں۔