مزید خبریں

شادی ہالز مالکان کا رات 10 بجے ہالز بند کرنے سے انکار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شادی ہالز مالکان نے رات 10 بجے تک ہالز بند کرنے سے انکار کردیا ہے اور کہا ہے کہ کراچی جیسے شہر میں شادی ہالز جلد بند کرنے کا فیصلہ انتہائی غیر سنجیدہ ہے۔تفصیلات کے مطابق شادی ہالز رات10 بجے بند کیے جانے کے حوالے سے شادی ہالز ایسوسی ایشن کے کمشنر کراچی،صوبائی وزیر صنعت،ایڈمنسٹریٹر کراچی اور پولیس چیف سے مذاکرات ناکام ہوگئے اور شادی ہالز ایسوسی ایشن کے صدر رانا رئیس نے ہالز رات 10 بجے تک بند کرنے کے فیصلے کو یکسر مسترد کردیاہے۔شادی ہالز مالکان کا کہنا ہے کہ2 سال تک ہم نے مشکل وقت دیکھا اورکورونا کے دور میں بھی حکومت کا ساتھ دیا، شادی ہال کا ٹائم 10 بجے کرنا غیر سنجیدہ فیصلہ ہے ‘پنجاب اور سندھ کے شادی ہالز کے اوقات کار الگ الگ ہیں‘ پچھلے 18 سال سے پنجاب میں شادی ہالز بند کرنے کے اوقات 10 بجے تک ہیں‘کراچی کا طرز زندگی دیگر شہروں سے مختلف ہے‘ شادی ہالز کے اوقات کار رات 10 بجے سے کم کرنے سے نظام درہم برہم ہوجائے گا‘ کراچی میں ٹریفک جام روز کا معمول ہے، ایسے میں وقت پر شادی ہال پہنچنا نہ ممکن ہے، کراچی کے لیے شادی ہالز رات 10 بجے تک بند کرنے کے حکم پر نظرثانی کی جائے۔ہماری اپیل ہے کہ شادی ہالز کے اوقات رات 12 بجے تک کیے جائیں‘سندھ میں شادی ہالز کے اوقات کاررات 10 بجے تک کرنے کا فیصلہ پہلے بھی کامیاب نہیں ہوا ہے‘ شادی ہالز میں پروگرام 2 گھنٹے پہلے ہو یا 2 گھنٹے بعد میں توانائی پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، شادی ہالز کے کاروبار سے 50 انڈسٹریز وابستہ ہیں‘ ہم پہلے ہی کوویڈ کے نقصان سے باہر نہیں نکلے ہیں،شادی کی تقریب میں آنے والے مہمان اپنے گھر کی بجلی بند کرکے آتے ہیں۔شادی کی تقریب میں شریک 100 سے زاید خاندان ایک جگہ جمع ہوتے ہیں،اس طرح 100 سے زاید خاندان اپنے گھروں میں بجلی کی بچت کرتے ہیں۔