مزید خبریں

عالمی ادارئہ صحت نے منکی پاکس کو بڑا خطرہ قرار دیدیا

جنیوا (انٹرنیشنل ڈیسک) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ منکی پاکس کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔ دنیا بھر میں ایک ہزار سے زائد کیسوں کی تصدیق ہو چکی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی ہیلتھ ایجنسی وائرس کے خلاف بڑے پیمانے پر ویکسین مہم کی سفارش نہیں کر رہی ہے ، کیوں کہ اس وبا سے اب تک کسی شخص کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ وہ ممالک جہاں منکی پاکس کی وبا نہیں پائی جاتی وہاں بھی اس کے پھیلنے کا حقیقی خطرہ موجود ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق زونوٹک بیماری 9 افریقی ممالک میں انسانوں میں وبا کی صورت میں پائی جاتی ہے لیکن گزشتہ ماہ کئی دیگر ریاستوں میں اس کے پھیلنے کی اطلاع ملی ہے۔ یہ بیماری خاص طور پر برطانیہ، اسپین اور پرتگال کو لپیٹ میں لے رہی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے مزید بتایا کہ منکی پاکس کے ایک ہزار سے زیادہ تصدیق شدہ کیس اب 29 ممالک سے ڈبلیو ایچ او کو رپورٹ کیے گئے ہیں ، جہاں یہ بیماری نہیں پائی جاتی۔ واضح رہے کہ منکی پاکس ایک بہت کم پایا جانے والا وبائی وائرس ہے۔ یہ انفیکشن انسانوں میں پائے جانے والے چیچک کے وائرس سے ملتا ہے۔ اس وبا کی علامات میں بخار ہونا، سر میں درد ہونا اور جلد پر خارش ہونا شامل ہے۔ عالمی ادارے کا کہنا ہے کہ متاثرین کو چاہیے کہ وہ لوگوں سے ملنے جلنے سے گریز کریں۔