مزید خبریں

امریکا کا یوکرین کیلیے 30کروڑ ڈالر کے نئے اسلحہ پیکیج کا اعلان

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے یوکرین کے لیے 30 کروڑ ڈالر کے نئے اسلحہ پیکیج کا اعلان کر دیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق اسلحہ پیکیج میں ایرڈیفنس سسٹم اور ایمونیشن شامل ہے۔ پیکیج میں پٹریاٹ ایر ڈیفنس سسٹم، اے آئی ایم 7 ایر ڈیفنس میزائل، ایونجر ایر ڈیفنس سسٹم اور اسٹرنگر اینٹی ائیر کرافٹ میزائل کے لیے ایمونیشن شامل ہے ۔ اس کے علاوہ ہائی موبیلٹی آرٹیلری راکٹ سسٹم، 155 ایم ایم اور 105 ایم ایم آرٹیلری راؤنڈز، 105 ایم ایم ٹینک ایمونیشن اور زونی ائرکرافٹ راکٹ بھی پیکئج کا حصہ ہیں۔ پینٹاگون کا کہنا ہے کہ روسی حملے کے بعد یوکرین کو 37.6 ارب ڈالر کی عسکری امداد دی گئی ہے۔ امریکا اپنے اتحادیوں کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔ پینٹاگون کے مطابق یوکرین کی فوری اور طویل مدتی جنگی ضروریات پوری کی جائیں گی اور یوکرین کی مشرقی اور جنوبی علاقوں سے روسی فوج کو نکالنے کی تیاریاں جاری ہے۔دوسری جانب روس یوکرین میں اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ یوکرین کے دارالحکومت کیف میں حکام نے بتایا ہے کہ شہر کے مشرقی علاقوں میں رات گئے ہوئے تازہ فضائی حملے میں 3افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 2بچے شامل ہیں ۔ یہ حملہ دنیپرو کے علاقے میں ہوا جو شہر کے مرکز سے قریب ہے۔ رواں ماہ دارالحکومت پر یہ اٹھارواں حملہ ہے۔ حملے کے دوران 7افراد زخمی بھی ہوئے۔ کیف کے میئر وٹالی کلِٹسکو کا کہنا تھا کہ آگ بجھانے اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے کارروائیاںشروع کردی گئی ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق دارالحکومت کی انتظامیہ نے ایک گھنٹہ قبل ممکنہ حملے کا انتباہ دیا تھا۔ ادھر روسی شہر بلگراد کے گورنر ویاچسلاو گلاڈکوف نے اعلان کیا ہے کہ جو کوئی بھی چیپکینو شہر چھوڑنا چاہتا ہے وہ شہر ی انتظامیہ کو درخواست دے سکتا ہے ۔ گورنر نے کہا کہ شہر کی صورتحال بچوں، بوڑھوں اور ہر کسی کے لیے واقعی خوفناک ہے۔ اسی لیے ہم نے تمام لوگوں کی مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔