مزید خبریں

قومی اسمبلی‘ وزراسمیت سب سے پیٹرول کارڈز واپس لینے کا مطالبہ

اسلام آباد (آن لائن) قومی اسمبلی کے اجلاس میں سابق اسپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا و دیگر نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام وزرا اور چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹیوں سے پیٹرول کارڈ واپس لیے جائیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام خودکشی کرنے پر مجبور ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں کیا۔اجلاس میںجی ڈی اے کی رکن اسمبلی سائرہ بانو سمیت دیگر اراکین اسمبلی نے پیٹرلیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایوان بالا میں حکومتی وزرا کی عدم موجودگی پر اپوزیشن لیڈر نے حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے چیئرمین سینیٹ سے مطالبہ کیا کہ لاپتا وزرا کو بازیاب کرایا جائے۔ جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے ملک میں لاپتا افراد کی تعداد میں روز بروز اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کردیا۔علاوہ ازیں جماعت اسلامی سمیت حکومتی اراکین نے خیبر پختونخوا کی پہاڑوں پر لگنے والی آگ کے حوالے سے فوری اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ قومی اسمبلی کی طرح سینیٹ اجلاس میں بھی پیپلز پارٹی سمیت حکومتی اتحادی جماعتوں کے اراکین وفاقی وزرا کی عدم موجودگی پر برس پڑے۔