مزید خبریں

ٹھٹھہ: ڈپٹی کمشنر کی جانب سے گھارو میں کھلی کچہری

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت ) ڈپٹی کمشنر منور عباس سومرو نے اسسٹنٹ کمشنر آفس گھارو میں کھلی کچہری منعقد کرکے تعلقہ میرپور ساکرو کے کھاتیداروں کی زمینوں کے ری کنسٹرکشن ریکارڈ آف رائٹس و دیگر درپیش عوامی مسائل سن کر درخواستیں وصول کیں اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جن کھاتیداروں کے ری کنسٹرکشن رکارڈ آف رائٹس کے متعلق پہلے سے ہی کلیم جمع اور رپورٹس مکمل ہیں ان کے جوڈیشل آرڈر 15 دن کے اندر جاری کیے جائیں گے اور جنہوں نے اپنے کلیم ابھی جمع کیے ہیں ان کے بھی ایک ماہ کے اندر جوڈیشل آرڈر جاری کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جن کھاتیداروں نے اپنی زمینوں کے کاغذات نہیں بنوائے وہ جلد اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر میں کلیم داخل کریں تاکہ ری کنسٹرکشن رکارڈ آف رائٹس کا کام شروع کیا جا سکے۔ کچہری میں شرکاء نے پینے کے پانی، نکاسی آب، بجلی، صحت، تعلیم، سڑکوں و دیگر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے متعلق مختلف شکایات اور درپیش مسائل پیش کئے گئے جس پر ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر و دیگر متعلقہ افسران کو موقع پر ہی مسائل حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔