مزید خبریں

مودی کا تیسری بار منتخب ہونے پر مزید ملازمتوں‘ بہتر انفرااسٹرکچر کا وعدہ

نئی دہلی (صباح نیوز) بھارت میں عام انتخابات کا پہلا مرحلہ شروع ہونے سے قبل وزیراعظم نریندر مودی نے وعدہ کیا ہے کہ بھارتیا جنتا پارٹی(بی جے پی) کے تیسری بار منتخب ہونے پر وہ بیروزگاری اور انفرااسٹرکچر جیسے دیرینہ مسائل حل کرنے کے علاوہ ویلفیئر پروگرامز کو توسیع دیں گے۔ نریندر مودی 10 سالہ کارکردگی کی بنیاد پر ایک مرتبہ پھر انتخابات میں میں جیت کیلیے سب سے مضبوط امیدوار تصور کیے جا رہے ہیں جہاں وہ شاندار معاشی ترقی، انفرااسٹرکچر
اور ویلفیئر کے منصوبوں کے ساتھ ساتھ جارحانہ ہندو قوم پرست پالیسی کیلیے شہرت رکھتے ہیں۔ اپنی پارٹی کی جانب سے منشور کے اجرا کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ان کا محور توقیر و معیار زندگی کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری کے ذریعے ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ منشور کا دائرہ کار انفرااسٹرکچر، ایوی ایشن، ریلویز، الیکٹرک گاڑیوں، گرین انرجی، سیمی کنڈکٹرز، فارماسیوٹیکل اور دیگر شعبوں میں ملازمتوں کے گرد گھومتا ہے۔ فلاحی کاموں میں بھی توسیع چاہتے ہیں تاکہ 70 سال سے زاید عمر کے شہریوں کا ہیلتھ انشورنس سے احاطہ کیا جا سکے۔اس کے علاوہ ان کے دیگر اقدامات میں قرضوں کے حصول کے خواہشمند افراد کو آسان قرضوں، مفت گھر و اناج وغیرہ کی فراہمی شامل ہے۔