مزید خبریں

کم آمدنی والے ممالک کی حالت خراب ہورہی ہے،پاکستان کو واضح مشکلات کا سامنا ہے،سربراہ آئی ایم ایف

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹا لینا جارجیوا کا کہنا ہے کہ پہلی سہہ ماہی میں چین کی کارکردگی توقعات سے بڑھ کر اچھی رہی جبکہ پاکستان کو واضح مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کا ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پچھلے چند سالوں کی مشکلات کے باوجود ترقی اور معیشت بہتر ہے، ہم نے ترقی کے تخمینوں کو اس سال کے لیے بہتر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈوانس معیشتوں میں امریکا کی کارکردگی اچھی ہے‘ انڈونیشیا، ملائیشیا اور بھارت جیسی ابھرتی مارکیٹس کی کارکردگی بھی اچھی ہے‘ بعض ممالک جیسے کہ پاکستان کو نمایاں مشکلات کا سامنا ہے، مصر اب بہتر ہے لیکن اسے بھی مشکلات ہیں۔ ایم ڈی آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ کم آمدنی والے ممالک کی حالت خراب ہو رہی ہے‘ کورونا کی وبا کے باعث دنیا کو 3.3 ٹریلین ڈالر کا نقصان پہنچا، کورونا کے باعث معاشی نقصان سے کم آمدنی والے ممالک زیادہ متاثر ہوئے‘ ہماری اول ترجیح یہ ہے کہ جن ملکوں میں مہنگائی بہت زیادہ ہے اسے ٹارگٹ تک لایا جائے، کسی حدتک مہنگائی میں کمی لانے میں کامیاب ہوئے ہیں تاہم کام باقی ہے۔