مزید خبریں

مزدور رہنمائوں کی کرامت علی سے ملاقات

انٹر نیشنل یونین آف فوڈ ورکرز کے رہنما قمرالحسن، ورکرز ایجوکیشن اینڈ ریسرچ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر میر ذوالفقار علی اور محمد حنیف بلوچ نے عید کے دوسرے دن پائلر کے ڈائریکٹر اور ممتاز مزدور رہنما کرامت علی کی عیادت کی۔ کرامت علی ان دنوں بیماری کے باعث گھر پر ہیں اور انہوں نے ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق اپنی نقل و حرکت کو بہت محدود کر دیا ہے۔ ملاقات کے موقع پر کرامت نے اس بات کی توقع ظاہر کی کہ وہ جلد صحتیاب ہو کر اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔ انہوں نے اپنی خواہش کا اظہار کیا کہ مرحوم نبی احمد اور مرحوم رشید رضوی کی یاد میں یادگاری اور تعزیتی پروگرام ضرور کریں گے۔ قمرالحسن، میر ذوالفقار علی اور حنیف بلوچ نے توقع ظاہر کی کہ کرامت علی جلد صحت یاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے کرامت علی کی مزدوروں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے خدمات پر ان کو خراج تحسین پیش کیا اور اس بات کا اظہار کیا کہ مزدوروں اور ٹریڈ یونینز کی موجودہ صورتحال میں پائلر کو اپنی سرگرمیاں شروع کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ملک کی معاشی و سیاسی صورتحال میں مزدوروں کو نہ صرف منظم کرنے کی بلکہ متحرک کرنے کی اشد ضرورت ہے اور ملک میں مزدور تنظیموں کے ساتھ مل کے محنت کشوں کو شعور و آگہی دینے کا جو تجربہ پائلر کے پاس ہے اسے بروئے کار لانا چاہیے۔