مزید خبریں

متحدہ لیبر فیڈریشن کی عید ملن

ملک کے معروف اور مقبول مزدور رہنما نبی احمد مرحوم کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے متحدہ لیبر فیڈریشن کے دفتر واقع شیر شاہ کالونی کراچی میں ہر سال کی طرح امسال بھی عید کے دوسرے دن عید ملن کا اہتمام تھا۔ یہ روایت کئی دہائیوں سے اسی طرح جاری ہے۔ نبی احمد اپنی زندگی میں عید کے دوسرے دن کو اپنے ساتھیوں، مزدور رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقات کے لیے جتنی اہمیت دیتے تھے، فیڈریشن کے موجودہ جنرل سیکرٹری مختار اعوان نے بھی اس روایت کو اسی جذبہ اور لگن سے جاری رکھا ہے۔ فیڈریشن سے ملحقہ یونینز کے عہدیداران اور ممبران کے علاوہ بھی دیگر مزدور دوست، سیاسی، سماجی اور انسانی حقوق کے کارکنان بھی اس دن فیڈریشن آفس ملاقات کے لیے پہنچتے ہیں۔ اس سال بھی روایتی ملاقات کے لیے مزدور رہنما، یونینز کے عہدیداران اور کارکنان بڑی تعداد میں جمع ہوئے جہاں نہ صرف ملک کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا بلکہ مزدوروں کو درپیش مسائل بھی زیر بحث آئے۔ نبی احمد کے صاحبزادے ندیم احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ شرکاء محفل نے متحدہ لیبر فیڈریشن کے تابناک ماضی اور روایات پر گفتگو کرتے ہوئے نبی احمد کے اقوال کے حوالے بھی دیے جو وہ وقتاً فوقتاً اپنی تقریروں میں مزدوروں کے اتحاد اور یکجہتی کے فروغ کے لیے دیا کرتے تھے۔ جنرل سیکرٹری مختار اعوان نے اس موقع پر کہا کہ ہم اپنے بزرگ رہنماؤں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مزدوروں کی اسی طرح خدمت کرتے رہیں گے جس کی انہوں نے ہمیں تربیت دی ہے۔ یہی ہماری میراث ہے اور ہم اسی پر عمل کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہم آج بھی اپنے بزرگوں کی روایت کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ شرکاء محفل نے ملک کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور بیروزگاری نے ملک میں محنت کش عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ ملک کے تمام صوبوں میں مزدور قوانین پر عمل درآمد بالکل نہیں ہو رہا۔ آجر مزدوروں کو نہ تو کم از کم اجرت کی ادائیگی کرتا ہے نہ ہی سوشل سیکورٹی اور ای او بی آئی میں رجسٹر کراتا ہے جس کے باعث محنت کش علاج معالجہ و بڑھاپے کی پنشن سے بھی محروم ہیں۔ یونینز بنانے کی صورت میں نہ صرف ملازمت سے محرومی بلکہ اکثر اوقات آجران کی جانب سے تشدد کا بھی سامنا ہوتا ہے۔ مزدور عدالتوں سے انصاف کا حصول بھی بہت مشکل ہو چکا ہے جس کے باعث نہ صرف فریسٹریشن میں بلکہ اسٹریٹ کرائم میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ اس صورتحال میں ضرورت اس امر کی ہے ملک بھر کی تمام تنظیمیں اپنے اختلافات بھلا کر مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیں۔
شرکاء عید ملن نے فیڈریشن کے مرحوم رہنماؤں نبی احمد، گل رحمان، لیاقت باچا، محمد نبی اور فقیر حسین کے علاوہ جعفر خان کی مرحومہ اہلیہ کی مغفرت کے لیے اور قموس گل و کرامت علی کی صحت کے لیے دعا کی۔ عید ملن میں شامل ہونے والوں میں ایم ایل ایف کے جنرل سیکرٹری مختار اعوان، ندیم احمد ، عبدالروف، قمرالحسن، میر ذوالفقار علی، سعید بلوچ ، حنیف بلوچ، خائستہ رحمان، حکیم خان، محمد یوسف، محمد علی شاکا، حسین بنگش، لالہ رفیق، عبداشکور، فیصل سعید، عبدالوحید، نوید اعوان و دیگر شامل تھے۔