مزید خبریں

عادل راجا برطانوی عدالت میں ہتک عزت کا مقدمہ ہار گئے

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) متنازع یوٹیوبر عادل راجا اپنے خلاف بریگیڈیئر(ر) راشد نصیر کی جانب سے برطانوی عدالت میں دائرکردہ ہتک عزت کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست میں ناکام رہے اور مقدمہ ہار گئے، عدالت نے عادل راجا کو حکم دیا کہ وہ بریگیڈیئر(ر) راشد نصیر کو 2 درخواستوں، ہتک عزت کیس پر حکم امتناع اور سیکورٹی اخراجات کی مد میں 10 ہزار پاؤنڈ کی ادائیگی کریں۔ عدالت نے قرار دیا کہ عادل راجا نے بریگیڈیئر(ر) راشد نصیر کی اپنی ٹوئٹر/ ایکس، فیس بک اور یوٹیوب کی 9 پبلیکیشنز میں ہتک کی۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق متنازع یوٹیوبر عادل راجا کو برطانوی ہائیکورٹ میں اس وقت شدید دھچکا لگا جب جج نے ان کی تمام درخواستوں کو مسترد کردیا، جس میں بریگیڈیٹر(ر) راشد نصیر کے ان کے خلاف ہتک عزت کے ایک کیس پر امتناع کی درخواست بھی شامل ہے۔ ڈپٹی ہائیکورٹ جج رچرڈ اسپیرمین نے قرار دیا کہ عادل فاروق راجا ریٹائرڈ بریگیڈیئر کو 5 ہزار پاؤنڈ کی ادائیگی کریں، عادل راجا کو اس رقم کی ادائیگی کیلیے 17 اپریل 2024 تک کا وقت دیا گیا ہے۔ عادل راجا اپنے وکیل اور پی ٹی آئی یوکے کے رہنما مہتاب انور عزیز کے توسط سے وڈیو لنک کے ذریعے عدالت کے روبرو پیش ہوئے، متنازع یوٹیوبر نے استدلال دیا کہ متعدد وجوہات کی بنا پر بریگیڈیئر(ر) راشد نصیر کے مقدمے پر امتناع دیا جائے لیکن عدالت نے ان کے تمام دلائل مسترد کردیے۔ برطانوی عدالت نے عادل راجا کے تمام الزامات کو بے بنیاد اورغلط قرار دیتے ہوئے رد کردیا۔