مزید خبریں

فیڈریشن آپس کے مسائل چھوڑ دے ، ملک کو آگے بڑھائیں ، وزیر بحری امور

کراچی(کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر بحری امور قیصر شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) اور پی پی پی مل کر ملک کے لئے کام کرینگے، ہم تمام وزرا نے متفقہ فیصلہ کیا ہے حکومت سے تنخواہ نہیں لینگے ،ہم چاہتے ہیں ملک آگے بڑھے اور ترقی کرے، برآمدات کو آگے بڑھانا ہوگاوہ گذشتہ روز ایف پی سی سی آئی میں تاجروں اور صنعتکاروں سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر اسلام آباد سے صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ، سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں، زبیرطفیل، میاں زاہد حسین، بشیر جان محمد، شیخ عمر ریحان ، شبیرمنشاچھرا اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ ملک خدا بخش، انجینئرداروخان، سمیع خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف کی مکمل ہدایت ہے کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں، حکومت نے پورٹ قاسم پر وار فیج کے چارجز ہر 50 فیصد کردئیے ہیں۔وفاقی وزیر بحری امور قیصر شیخ نے کہا کہ پورٹ قاسم اتھارٹی نے پچھلے چار سالوں میں 150 ارب روپے کا بزنس کیا ہے،مسائل کے حل کیلئے ہم سب کو مل جل کر کام کرنا ہوگا،فیڈریشن سے بھی کہتا ہوں آپس کے مسائل کو چھوڑیں ملک کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مجھ پر اعتماد ہے اور انہوں نے مجھے وزارت بحری امور دی ہے،دنیا بھر کی پورٹس میں کے پی ٹی اس وقت 83 نمبر پرہے، کے پی ٹی کی زمین پر مختلف کام کئے جاسکتے ہیں اس کے لئے میٹنگ کررہے ہیں۔ فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس کے صدر عاطف اکرام شیخ اسلام آباد سے زوم پر خطاب میں کہا کہ 80 فیصد سمندری راستے سے سامان پاکستان آتا ہے کراچی پورٹ ٹرسٹ پر جگہ بہت کمی ہے جس کی وجہ سے تاخیر ہوتی ہے،کوئی پالیسی فریم ورک وضع کیا جائے۔ثاقب فیاض مگوں نے کہاکہ شپنگ ایڈوائزری بورڈ پر کوئی کام نہیں ہوسکاہے۔