مزید خبریں

کی نجکاری پر مزدور رہنمائوں کا اظہار تشویشPIAـ

پی آئی اے بچاؤ ایکشن کمیٹی کے سربراہ عارف خان روہیلہ نے نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے جنرل سیکرٹری محمدقاسم جمال سے ملاقات کی اور آئی ایم ایف کے اشارے پر حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی نج کاری کیے جانے پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے جیسے قومی ادارے کو نج کاری کی بھینٹ چڑھانا ملک وقوم کے ساتھ سنگین ظلم ہوگا۔ پی آئی اے کو حکومت کی نااہلی اور انتظامی اداروں کی کرپشن نے تباہ کیا ہے۔حکومت چاہے تو پی آئی اے آج بھی ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوسکتا ہے۔ پی آئی اے کو بچانے کے لیے ہم نے پی آئی اے بچاؤ ایکشن کمیٹی قائم کردی ہے اور پوری قوت کے ساتھ ہم پی آئی اے کی نج کاری کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے جنرل سیکرٹری محمدقاسم جمال نے پی آئی اے بچاؤ ایکشن کمیٹی کے سربراہ کو نیشنل لیبر فیڈریشن کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ قومی اداروں کی نج کاری پاکستان کو فروخت کرنے کے مترادف ہے۔حکومت قومی اداروں کی نج کاری سے باز رہے ورنہ کراچی سے لے کر خیبر تک محنت کش قومی اداروں کی نجکاری کے خلاف بھرپور طریقے سے احتجاجی تحریک چلائیں گے۔ قومی اداروں کی نج کاری تباہ کن ثابت ہوگی۔