مزید خبریں

رابطۃ عالم اسلامی: فرقہ واریت کے خاتمہ کےلئے انٹرنیشنل کانفرنس کا انعقاد

سعودی عرب میں رابطۃ عالم اسلامی کے زیرِاہتمام مکہ مکرمہ میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے فرمان کے مطابق اسلام میں فرقہ واریت کے خاتمے کے لئے دو روزہ عالمی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں علمائے کرام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پاکستان سے مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر علمائے کرام شریک تھے۔ کانفرنس میں دنیا بھر سے شریک علمائے کرام نے کہا کہ اسلام کو فرقہ واریت سے نجات دلانے کی ضرورت ہے تاکہ امت مسلمہ یکجان ہوکر ایک ساتھ آگے بڑھیں اور کامیاب ہوں۔ کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد عیسیٰ کا کہنا تھا کہ وہ سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو امت مسلمہ کی وحدت کے لئے کوشاں ہیں۔ ڈاکٹر محمد عیسیٰ نے زوردیکر کہا کہ اسلامی باہمی بھائی چارے اور یگانگت کا درس دیتا ہے۔ اللہ تعالی قرآن پاک میں حکم دیتے ہیں کہ تفرقے سے بچو اس لئے ہمیں اللہ اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حکم پر عمل پیرا ہوتے ہوئے تفرقہ بازی سے اجتناب کریں اور وحدت و اتحاد کو فروغ دیں تاکہ ہم دین اسلام کی بہتر انداز سے خدمت کر سکیں۔

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ کا کہنا تھا کہ فرقہ واریت کی بدولت اسلام کی کمزوری ظاہر ہوتی ہے جس سے اسلام کے دشمن فاہدہ اٹھاتے ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ ہم اللہ اور رسولؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوکر آگے بڑھیں اور فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر سے دور رہیں اور آپسی اختلافات کو دور کرکے امت مسلمہ کی خدمت کا فریضہ انجام دیں۔ اسلام بہتر اخلاق کو اہمیت دیتا ہے اور اخلاقیات کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے فرقہ وارانہ اختلافات کو دور کیا جاسکتا ہے اور اسلام کی اصل روح کے مطابق مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں کہ تصور سے ہمکنار ہوسکتے ہیں۔ جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ واریت ایک ایسا ناسور ہے جس سے لوگوں میں اختلافات کے علاوہ تصادم بھی پایا جاتا ہے تمام مسلمانوں پر واجب ہے کہ وہ اسلام کی روح سے ایک جسم کی مانند ہوجائیں تاکہ وہ ایک طاقت کے طور پر دنیا بھر میں جانے اور پہچانے جائیں اور ہم نے ہمیشہ پاکستان میں فرقہ وارانہ سرگرمیوں کی نفی کی ہے اور ہمیشہ اس بات کی اہمیت پر زور دیا ہے کہ فرقہ وارانہ سرگرمیوں سے باز رہا جائے اور مسلمانوں کے درمیان باہمی بھائی چارے کی فضا قائم ہو اور ہم خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو ہمیشہ مسلمانوں کے اتحاد کے لئے کوشاں رہتے ہیں۔