مزید خبریں

ـ28مقامات پر آج قومی شاہراہ بلاک کرنے کا اعلان

سکھر (نمائندہ جسارت) الیکشن میں دھاندلی، جے یو آئی سندھ نے آج سندھ بھر میں 28 مقامات پر قومی شاہراہ بلاک کرنے کا اعلان کردیا۔ سندھ پنجاب بارڈر کموں شہید کے مقام پر دھرنا دیا جائے گا۔ جے یو آئی سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے دھرنے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ پی ایس 22 پر انتخابی نتائج تسلیم نہیں کرتے، جانبدارانہ انتخابات اور نتائج دیے جانے کی کوئی حیثیت نہیں، دوسری جانب جے یو آئی اُمیدوار مبین بلو کی جانب سے پی پی کے کامیاب اُمیدوار کی کامیابی کو چیلنج کیا گیا ہے، ا ان کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی جا رہی ہے، مبینہ دھاندلی خلاف جے یو آئی اور جی ڈی اے کی جانب سے ملٹری روڈ پر کارکنوں نے مولانا راشد محمود سومرو، مولانا ناصر محمود سومرو، مولانا محمد صالح انڈھڑ، میر مبین بْلو، فقیر عنایت اللہ برڑو اور میر مہر کی قیادت میں دھرنا دیا، سکھر کے انتخابات میں حلقہ پی ایس 22 پر مبینہ دھاندلی کے خلاف جے یو آئی کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری رہا، جمعیت علمائے اسلام، جی ڈی اے کے کارکنوں کی بڑی تعداد میں ملٹری روڈ پر دھرنا دے کر مین روڈ بلاک کر دیا جس کے باعث ٹریفک کی آمدورفت معطل ہو گئی، امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اہلکار پہنچ گئے۔ احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ انتخابات میں ان کے حلقے میں دھاندلی ہوئی اور ان کے اُمیدوار کو ہرایا گیا ہے، نتائج تسلیم نہیںکریں گے۔