مزید خبریں

جے یو آئی (س) نے الیکشن نتائج مسترد کر دیے

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علماء اسلام (س) ضلع حیدرآباد کی مجلس عاملہ کا اجلاس ضلعی امیر مولانا عبدالواحد خان سواتی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں این اے 220 سے اُمیدوار حافظ ارمان احمد چوہان قاری سعد اللہ خان، قاری ابراہیم قریشی، مولانا اشریف بنوری، صاحبزادہ عتیق الرحمن، قاری ضیاء الرحمن، محمد علی شیح، حافظ عبدالوحید مغل، صابر قریشی، مولانا اختر مدنی و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں حالیہ انتخابات میں این اے 220 کے ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے جاری کیے گئے نتائج پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ رہنماؤں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اکثر پولنگ اسٹیشن پر جمعیت علماء اسلام (س) کی چوتھی اور پانچویں پوزیشن آرہی تھی جس کے حساب سے ہمیں ہزاروں ووٹ ملے لیکن متعصب شخص کو آر او بنایا گیا جس نے پہلے تو ہمارے ساتھ زیادتی کرتے ہوئے ہمیں الیکشن ایجنٹ کا اتھارٹی لیٹر جاری نہیں کیا، ہمارے احتجاج اور متعلقہ اداروں میں شکایت کے بعد پولنگ سے کچھ گھنٹے قبل الیکشن ایجنٹ کے کارڈ دیے گئے اور پھر پولنگ پر بھی انتظامیہ مکمل جانبداری کا مظاہرہ کر رہی تھی اور جب 28 گھنٹے بعد آر او آفس سے رزلٹ جاری کیا گیا تو اس میں سے ہمارے ہزاروں ووٹوں کو کسی اور کے کھاتے میں ڈال دیا گیا، مصنوعی نتائج مسترد اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ درست نتائج ہمیں دیے جائیں ورنہ قانونی راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔