مزید خبریں

کرپٹ اور نااہل حکمرانوں نے ملک کو تماشہ بنارکھا ہے،جماعت اسلامی

کھڈرو (نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان نامور قانون دان و اسلامی اسکالر اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پاکستان کو اسلامی خطوط پر استوار کرنا چاہتی ہے ، کرپٹ اور نااہل حکمرانوں نے ملک کو تماشا بنا رکھا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کھڈرو کے زیر اہتمام ایک روزہ تربیت گاہ برائے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس لیے بنایا تھا کہ مسلمانان ہند ایک ایسی اسلامی ریاست بنانا چاہتے تھے جہاں وہ اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی اسلامی اُصولوں کے مطابق گزار سکیں،لیکن جاگیردارانہ سوچ اور استحصالی عناصر جو اسلامی پاکستان کو اپنے عزائم کی راہ میں رکاوٹ سمجھتے تھے، انہوں نے جماعت اسلامی کو ہمیشہ اپنی راہ میں رکاوٹ سمجھا اور اس کا راستہ روکنے کی ہر ممکن کوشش کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے رہنما ممتاز حسین سہتو نے کہا کہ موجودہ ملکی نظام یزیدی نظام سے کہیں زیادہ خراب ہے، دورِ یزید میں نہ سودی نظام معیشت تھا نہ اسلامی حدود پر پابندی تھی لیکن اس وقت سود خوری زنا ، شراب خوری، اغوا برائے تاوان ، بے روز گاری ، مہنگائی اور اقربا پروری سمیت تمام اوصاف رذیلہ موجودہ حکومتوں میں پائے جاتے ہیں ، جماعت اسلامی ملک کو اسلامی خطوط پر استوار کرنا چاہتی ہے ، جماعت اسلامی اقامت دین کی عالمی تحریک ہے جو بھارت ، بنگلہ دیش کشمیر ،اور عرب دنیا میں اخوان المسلمون کی صورت میں اسلامی نظام کی بالادستی کیلئے کوشاں ہے، انفرادی طور پر ناکام حکمران ، اتحاد کی صورت میں بھی ناکام ہی ہیں آئے روز اُبھرنے والے نت نئے فتنوں نے عوام کو الجھا کر رکھا ہوا ہے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالقدوس احمدانی نے کہا کہ جماعت اسلامی عافیہ صدیقی کے کیس کو عالمی سطح پر اُجاگر کررہی ہے بلکہ ان کی آزادی کے لیے ہر فورم پر آواز بھی اُٹھا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں جماعت اسلامی پاکستان کے رہنما سینیٹر مشتاق احمد خان عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی کے ہمراہ امریکا کے دورے پر گئے ہیں اور اسی اُمید کہ عافیہ صدیقی جلد رہا ہو کر اپنے بچوں کے ساتتھ اپنے گھر میں سکون کی زندگی گزارے گی۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے معروف اسکالر مفتی ولی محمد سہتو نے کہا کہ مسلمان ہر وقت فکر آخرت کے حوالے سے تیاری میں مگن ہوتا ہے ، انہوں نے آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی ایک حدیث کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عقلمند وہ ہے جو آخرت کی تیاری میں مصروف رہتا ہے اور بے وقوف دنیا جمع کرنے میں مگن رہتا ہے ، تربیت گاہ سے جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ کے رہنما رفیق منصوری، ڈاکٹر محمد سہیل ہنجرا اور ظہرالدین جتوئی نے بھی خطاب کیا ، تربیت گاہ میں کھڈرو ،سانگھڑ شاہپور چاکر کے سینکڑوں کارکنان و ہمدردوں نے شرکت کی۔