مزید خبریں

حیدرآباد : تنظیم خادم انسانیت کا ہیٹ اسٹروک کیمپ

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) تنظیم خادم انسانیت کے زیر اہتمام گرمی سے بچائو کے لیے ہیٹ اسٹروک کیمپ کا پھلیلی بازار میں انعقاد کیا گیا، جہاں تنظیم کے صدر حاجی فقیر محمد قریشی،جنرل سیکرٹری حاجی محمد نعیم شیخ، خازن محمد اسلم انصاری، چیئرمین سجاد خان، ملک یونس جمال، ڈاکٹر خالد آرائیں، محمد انور قریشی، مشتاق حسین اور دیگر نے شہریوں میں ٹھنڈے مشروبات اور ہیٹ اسٹروک سے بچائو کے سلسلے میں اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر کے پمفلٹ تقسیم کیے۔ اس موقع پر تنظیم کے جنرل سیکرٹری حاجی محمد نعیم شیخ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احتیاط علاج سے بہتر ہے۔ ہم احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے شدید گرمی میں ہیٹ اسٹروک جیسی صورتحال سے خود کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ تاہم شہری شدید گرمی کے موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ پانی اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال لازمی کریں اور بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم خادم انسانیت فلاحی کاموں میں ہمیشہ سے بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی آرہی ہے۔ منشیات کے نقصانات، مفت طبی کیمپس، راشن کی تقسیم، عید گفٹس اور آگاہی سیمینارز و واک کا انعقاد تسلسل سے کرتی آرہی ہے جبکہ کالی موری کے مقام پر این ایچ میڈکل سینٹر میں ماہر ڈاکٹرز مریضوں کا انتہائی کم فیس پر مختلف بیماریوں کا علاج کرتے ہیں اور مستحق مریضوں کا علاج مفت کیا جاتا ہے۔ ملک یوتھ ویلفیئر کے چیئرمین ملک یونس جمال نے کہا کہ حیدرآباد سماجی اتحاد میں شامل تنظیموں بالخصوص تنظیم خادم انسانیت کا دُکھی انسانیت کی عملی خدمت کے حوالے سے کردار لائق تحسین ہے۔ شدید گرمی سے بچائو کے حوالے سے شہر کے مختلف علاقوں میں ہیٹ اسٹروک کیمپس کے انعقاد اور شہریوں کو آگاہی پہنچانے پر عہدیداران و اراکین مبارکباد کے مستحق ہیں۔