مزید خبریں

عمران خان کو نااہل کر کے پی ٹی آئی پر پابندی لگائے جائے، مفتی کفایت اللہ

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جے یو آئی کے سینئر رہنما مفتی کفایت اللہ نے کہا ہے کہ منصوبہ بندی کے تحت جناح ہاؤس سمیت قومی اداروں کو نقصان پہنچایا گیا، عمران خان کو نااہل کر کے تحریک انصاف پر پابندی عائد کی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی کے ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جے یو آئی کے ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، حافظ میر محمد بنگلانی، مولانا محمد امین جکھرانی، تاج محمود امروٹی، قاری محمد شریف نوناری، حبیب اللہ ابڑو، فضل الرحمن مہر دیگر بھی موجود تھے۔ مفتی کفایت اللہ نے کہا کہ عمران خان کے آنے کے بعد سیاست کا جنازہ نکلا اور سیاست میں گالی کا رواج پڑا، عمران خان نے چوروں کو پکڑنے کے لیے نعرہ لگایا، اقتدار میں آکر خود اور اپنی باپردہ بیوی کے ساتھ چوریاں شروع کردیں،القادر ٹرسٹ اس کا کھلا ثبوت ہے، عمران خان کو نااہل قرار دے کر ان کی جماعت پر پابندی عائد کی جائے کیونکہ انڈیا کی حکومت نے اعتراف کیا ہے کہ ہم نے 70 ارب خرچ کرنے کے باوجود پاکستان کے خلاف کچھ بھی نہیں کر سکے جو عمران خان نے کر کے دکھایا ہے کیونکہ عمران نے اس دن مودی کی الیکشن میں کامیاب ہونے کے لیے باتیں کی تھیں ان کے کارکنوں نے ملک کے حساس مقامات کو نقصان پہنچایا ۔