مزید خبریں

نواب شاہ: پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹرز نے کرایے کم نہ کیے

نواب شاہ (سٹی رپورٹر) شہریوں نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی مکمل ناکام ہو گئی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیاء کی قیمتوں میں کمی نہ کیے جانے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سخت مذمت کی ہے۔شہریوں نے کہا کہ جب بھی پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا اس کے ساتھ ہی ٹرانسپورٹ اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا، لیکن اب جب کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے تونہ ہی اشیائے صرف کی قیمتوں میں کمی کی گئی اور نہ ہی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی ہوئی۔ کراچی، حیدرآباد، سکھر، سانگھڑ، مورو اور دیگر شہروں کو جانے والی کوچز اور گڈز ٹرانسپورٹ کا کرایہ کم نہ ہونے کی وجہ سے شہری مہنگائی کا بوجھ تاحال برداشت کر رہے ہیں، یہ صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے۔ شہریوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں مقامی سطح پر پیٹرول کی قیمتیں 12 روپے فی لیٹر کم ہوئی، لیکن اس کمی کے تناسب سے اشیائے صرف کی قیمتوں میں کمی نہیں کی گئی، جس کی وجہ سے عوام مشکلات سے دوچار ہیں۔