مزید خبریں

سراج الحق پر حملہ امن کیخلاف سازش ہے، علماء مشائخ

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ملک بھر علماء مشائخ کی نمائندہ تنظیم علماء مشائخ فیڈریشن آف پاکستان کے سربراہ سفیر امن پیر صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی سجادہ نشین آستانہ عالیہ بھیج پیر جٹا نے ژوب میں جماعت اسلامی کے استقبالیہ جلوس میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق پر خودکش حملے پر تشویش اور شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی انارکی پھیلانے کی سازش اور سیکورٹی لیپس قرار دیتے ہوئے مذمتی بیان میں کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی غیر جانبدارانہ اور حق و صداقت کی علمبردار شخصیت پر خودکش حملہ اس بات کا غماز ہے ملک دشمن عنا صر نہیں چاہتے کہ جماعت اسلامی ملک میں نفاذ نظام مصطفی ٰ ﷺ کی جدو جہد اور اور ملک کی تمام اکائیوں کو متحد کرنے کا مشن پورا کریں جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے قوم کو باہمی اتحاد و اتفاق سے ایسے سازشی عناصر کا مقابلہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے علماء و مشائخ دہشت گردی اور دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں سیکورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق پر خودکش حملہ وطن عزیز کے امن، استحکام اور سلامتی کے خلاف سازش ہے،جس کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے،ملک کا امن سبوتاژ کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لا یا جائے۔