مزید خبریں

روزہ اللہ کیلیے ہے اور اللہ ہی اسکا بہتر اجر دیگا،رائے منیب الرحمن

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم رائے منیب الرحمن کلیارنے کہا ہے کہ روزہ اللہ کے لئے ہے اور اللہ ہی اس کا بہتر اجر دینے والا ہے۔رمضان بری عظمتوں اور برکتوں والا مہینہ ہے۔رمضان میں بندہ اپنے رب کے قریب ہوجاتا ہے اورروزہ انسان میں تقویٰ کی صفات پیدا کرتا ہے اور اللہ کو تقوی بہت پسند ہے۔انہوںنے کہا کہ روزہ عظیم الشان عبادتوں میں ایک عبادت ہے اور یہ رب سے وفا محبت،ایثار،قربانی کا تقاضا کرتی ہے۔رمضان المبارک کا مہینہ نزول قرآن کا مہینہ ہے اور 27ویں شب کو قرآن مجید نازل ہوا یہ کتاب لوگوں کی زندگیوں میں انقلاب برپا کرتی ہے اور یہ نسخہ کیمیا ہے اس سمجھ کر اور ترجمے کے ساتھ پڑھا جائے اور اس پر عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ اس ماہ مبارک کے حوالے سے خود خاتم النبیین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک عظیم الشان خطبہ میں کہا ہے کہ تم پر ایک عظیم الشان مہینہ جلوہ فگن ہو رہا ہے جو عذاب آخرت سے نجات اور نیکیوں میں سبقت لے جانے کا مہینہ ہے ہمیں چاہیے کہ ہم اس ماہ مبارک کے تقدس و احترام کو برقرار رکھیں اور زیادہ اپنا وقت فرض روزہ کے ساتھ تراویح تلاوت قرآن‘ صدقہ خیرات اور باہمی جذبہ ہمدردی و اخوت کا مظاہرہ کریں۔انہوںنے کہا کہ بعض بد بخت ناجائز منافع خور اس ماہ مبارک اشیا خورونوش میں بے تحاشا اضافہ کرکے عوام کو لوٹتے ہیں ایسے لوگ اللہ کے عذاب سے ڈر جائیں حالیہ زلزلہ ہمارے لیے قدرت کی جانب سے انتباہ ہے حکومت کو چاہیے کہ وہ کم ازکم اس ماہ مبارک میں عوام کو ناجائز منافع خور اور ان کے سر پرست رشوت خور انتظامیہ سے نجات دلائے اور عوام ازراں قیمت پر پھل و دیگر اشیاء کے حصول کو ممکن بنائے۔انہوں نے کہا ہمیں چاہیے کہ اس ماہ کے تقاضوں کوملحوظ رکھیں اور اپنا وقت زیادہ عبادات اور ایک دوسرے کی خیر خواہی کریں اور اپنے مستحقین وغریب بھائیوں کی ہر ممکن مدد کریں۔