مزید خبریں

قائداعظمؒ نے اسرائیلی ریاست کو غاصب قرار دیا،فلسطین فاؤنڈیشن

کراچی (اسٹاف ر پورٹر) فلسطین فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام عائشہ منزل اسلام ریسرچ سینٹر لان میں یوم القدس کے عنوان سے سالانہ القدس اجلاس اور افطار وحدت کا انعقاد اتوار کے روز کیا گیا جس میں شہر بھر سے مختلف مسالک سے تعلق رکھنے والے علماء کرام، خطباء ، ذاکرین، اسکالرز ودیگر نے شرکت کی۔القدس اجلاس و افطار وحدت پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی سرپرست کمیٹی اراکین بشمول جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیرڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صدر علامہ باقر زیدی، میجر (ر) قمر عباس، اسرار عباسی، علامہ قاضی احمد نورانی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے فلسطین پر قائم کی جانے والی صہیونی ریاست اسرائیل کو غاصب اور ناجائز قرار دیا ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ پاکستان میں اسرائیل کے لیے کام کرنے والے عناصر اسکولوں اور مختلف مقامات پر غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے لیے نرم گوشہ پیدا کرنے کی گھناؤنی سازشیں کر رہے ہیں اور پاکستان کی نظریاتی بنیادوں کو کھوکھلا کرنا چاہتے ہیں۔ القدس اجلاس و افطار وحدت میں جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیرمسلم پرویز، علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ عقیل انجم، علامہ ناظر تقوی ودیگر موجود تھے۔