مزید خبریں

ٹیکس سے استثنیٰ زرعی شعبے کو مزید مراعات سمجھ سے بالاتر ہیں ،کاٹی

کراچی ( کامرس رپورٹر ) کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر فراز الرحمان نے کہا کہ حکومت نے معیشت کے ایک بڑے حصے کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دے رکھا ہے جبکہ بڑے جاگیرداروں، وڈیروں کو مذید رعایت دی جارہی ہے جو سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ طاقتور جاگیرداروں کو مراعات دینے کے باوجود ملک میں اجناس کی قلت ہے، سبزیاں اور پھل عام آدمی کی پہنچ سے دور ہے۔ صدر کاٹی نے کہا کہ حکومت صنعتکاروں اور برآمد کنندگان کو مراعات دینے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتی، بلکہ ٹیکس کے بوجھ میں مزید اضافہ زور کا معمول بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیداواری لاگت، ڈالر اور انتہائی مہنگے قرضوں کے باعث کسی انڈسٹری کا چلنا ناممکن ہے، ایسے میں زرعی شعبے کو مزید مراعات دینے سے معیشت کا بحران سنگین تر ہوتا جائے گا۔ فراز الرحمان نے کہا کہ زرعی شعبے کو دی گئی مراعات صنعتکاروں کو میسر ہوں تو ملک میں برآمدات اور صنعتکاری سے نہ صرف انقلاب لایا جاسکتا ہے بلکہ ملکی آمدنی میں کئی گناہ اضافہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی انڈسٹری کیلئے کوئی پالیسی نہیں ہے، البتہ زرعی شعبے خاص طور پر جاگیرداروں اور وڈیروں کیلئے کئی دہائیوں سے ایک ہی پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے جس سے جاگیردار امیر سے امیر تر اور غریب کسان کا 70 سال بعد بھی کوئی پرسان حال نہیں۔ صدر کاٹی نے کہا کہ حکومت موجودہ معاشی بحران میں سخت فیصلے لے اور زرعی شعبے پر بے حساب منافع حاصل کرنے والوں پر بھی ٹیکس عائد کرے۔