مزید خبریں

ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن بڑھائی جائے‘ طاہر حسنPIAـ

PIAREA (پیارے ایسوسی ایشن) کی مرکزی قیادت کی نمائندگی کرتے ہوئے صدر پیارے راولپنڈی، اسلام آباد منصور احمد ڈھلو نے PIACL کے CHRO ایئرکموڈور عامر الطاف سے ملاقات کرکے PIA ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کے لیے مرکزی قیادت کا مراسلہ بنام CEO پی آئی اے ان کے حوالے کیا۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ستمبر 2022ء میں PIA کے چیف نے ’’پنشن کمیٹی‘‘ تشکیل دی جسے 31 اکتوبر 2022ء تک اپنی سفارشات پیش کرنا تھیں۔ پیارے نے دلائل و حقائق کے ساتھ ریٹائریز کے جملہ مسائل پیش کردیے تھے۔ اور متعلقہ حکام سے متعدد میٹنگز بھی کی تھیں۔ تین ماہ کا عرصہ گزر گیا مگر اس کا نتیجہ ابھی تک سامنے نہیں آیا۔ پورے ملک میں سب سے کم پنشن پانے والے PIA کے پنشنرز کے حالات موجودہ ہوشربا اور روزبروز بڑھتی ہوئی گرانی کے دور میں دگرگوں ہیں۔ مرکزی صدر پیارے سید طاہر حسن کے مراسلے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پنشن میں فوری طور پر معقول اضافہ کیا جائے، کم از کم پنشن کا تعین کیا جائے جو کسی صورت حکومتی پنشن سے نیچے نہ ہو (PIA میں اس وقت یہ پنشن دو ہزار روپے ماہانہ ہے) جس کا اطلاق اسی تناسب سے اوپر تک کیا جائے اور سالانہ اضافہ بھی اسی کے ساتھ منسلک کردیا جائے۔ 75 سالہ پنشنرز کو حکومتی قوانین کے مطابق مزید رعایت دی جائے، بیوگان کی
پنشن 75 فیصد سے کم نہ ہو۔ کمیوٹ شدہ پنشن بلاتاخیر بحال اور ادا کی جائے۔ جنرل سیکرٹری پیارے اعظم چودھری، SVP پرویز فرید اور آرگنائزنگ سیکرٹری کیپٹن (ر) شیخ نجم الغنی نے بتایا کہ PIA کے ’’پنشن فنڈ ٹرسٹ‘‘ میں اربوں روپے ہوتے ہیں، لہٰذا PIA پنشن کو مناسب سطح پر لانے سے PIA کے مالی، ریونیو وسائل پر کوئی اضافی بوجھ نہیں ہوگا۔ حافظ یٰسین چودھری GS پیارے پنڈی، اسلام آباد نے کہا کہ صدر کی CHRO سے ملاقات میں پنشنرز کے دیگر مسائل کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ PIA انتظامیہ مسائل حل کرنے کی کوشش کررہی ہے جس کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔ ان شاء اللہ تعالیٰ۔