مزید خبریں

سہون : آئی بی اے ٹیسٹ پاس مرد اُمیدواروں کی خواتین کو مکس کوٹا دینے پر تشویش

سہون ( نمائندہ جسارت ) آئی بی اے ٹیسٹ پاس اساتذہ کی جانب سے خواتین کو مکس کوٹا کی سب سیٹیں دینے اور دیگر اضلاع کے اُمیدواروں کو جامشورو ڈسٹرکٹ کی سیٹیں دینے پر تشویش کا اظہار۔ تفصیلات کے مطابق حال ہی میں ڈی ای او آفس آف ڈسٹرکٹ جامشورو نے جے ایس ٹی پاس کرنے والے اُمیدواروں کی تجویز کردہ فہرست کا انکشاف کیا ہے جس میں مرد اُمیدواروں کی سیٹوں کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا اور مکس کوٹا کی تمام خالی آسامیاں خواتین کو دی گئی ہیں جو مرد اُمیدواروں کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے جبکہ یہ اقدام تعلیمی پالیسی کی خلاف ورزی بھی ہے۔پالیسی میں کہا گیا تھا کہ مخلوط کوٹا والے اسکولوں میں مردوں اور خواتین کو مساوی نشستیں دی جائیں گی لیکن بدقسمتی سے پالیسی تاحال مکمل نہ ہو سکی جس کی وجہ سے پی ایس ٹی کی نشستوں پر بھی مرد اُمیدواروں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ تحصیل سہون شریف کے نوجوانوں نے سیکرٹری تعلیم اکبر لغاری سے تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مکمل سیٹیں دکھاکر اُمیدواروں کی ویٹنگ لسٹ بھی جاری کی جائے،دیگر اضلا ع کے اُمیدواران کو ان ہی کے ضلع میں رکھا جائے اور اساتذہ کی بھرتی کا عمل تیز اور شفاف طریقے سے کیا جائے ۔