مزید خبریں

بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کی کامیابی مسائل کے حل کی ضمانت ہے،حافظ نعیم الرحمن

کراچی(نمائندہ جسارت)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی آج بھی پورے ملک کی معیشت چلا رہا ہے لیکن افسوس کہ اسے اس کا حق نہیں دیا جا رہا ہے ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کر اسے تباہ کیا اور پی ٹی آئی نے بھی ساڑھے 3سال میں کراچی کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا، جماعت اسلامی نے ہمیشہ کراچی کی تعمیر و ترقی اور بہتری کے عمل میں اپنا کردار ادا کیا ہے ، جماعت اسلامی ہی شہر کی ابتر حالت کو بدل سکتی ہے ، بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے امیدواران کی کامیابی عوام کے مسائل کے حل اور بہتر مستقبل کی ضمانت ہے ، حلقہ خواتین کی کارکنان و ذمہ داران بھی بلدیاتی انتخابی مہم میں اپنا بھر پورکردار ادا کریں ، زیادہ سے زیادہ خواتین ووٹرز سے رابطہ کریں اور ان کو بتائیں کہ ترازو کے نشان پر مہر لگائیں ، ترازو کی جیت اہل کراچی کی جیت ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع ائر پورٹ کے تحت ماڈل کالونی اور ضلع غربی کے تحت اورنگی ٹائو ن میں خواتین بلدیاتی کنونشن سے علیحدہ علیحدہ خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کنونشن سے ناظمہ کراچی اسماء سفیر ، ضلع ائر پورٹ کے امیر توفیق الدین صدیقی اور امیرضلع غربی مدثر حسین انصاری نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر ناظمات نائب ناظمات ِ کراچی ثناء علیم ، شمینہ عتیق ، جاوداں فہیم ، عذرا جمیل ، سیکرٹری اطلاعات ثمرین احمد ، ناظمہ ضلع غربی ارجمند شوکت ، قائم مقام ناظمہ ضلع ائر پورٹ حاجرہ عرفان اور دیگر خواتین ذمے داران بھی موجود تھیں ۔ کنونشن میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، حلقہ خواتین کے تحت خواتین کنونشن کا سلسلہ جاری ہے اور بلدیاتی انتخابی مہم کے سلسلے میں ہر ضلع میں کنونشنز منعقد ہو ں گے۔، حافظ نعیم الرحمن نے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں تین دفعہ جماعت اسلامی کے میئرزمنتخب ہوئے ، 1979ء تا 1987ء دودفعہ عبد الستار افغانی اور 2001ء تا2005 ء نعمت اللہ خان تینوںادوار میں جماعت اسلامی نے کراچی کی تعمیر و ترقی میں مثالی کردار ادا کیا اور ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے۔ سرکاری سطح پر کراچی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے نام سے ٹرانسپورٹ کا بہترین نظام بنایا ،سرکاری اسکولز و کالجز اورماڈل پارکس بنائے ،پانی کا K-3 منصوبہ مکمل کیا ۔2005کے بعد سے آج تک کراچی میں کوئی ایک بھی بڑا منصوبہ نہیں بنایا گیا ،آج 17سال ہوگئے لیکن آج تک K-4 منصوبہ جونعمت اللہ خان نے 2005میں شروع کیا تھا ابھی تک مکمل نہیں ہوسکا ،نعمت اللہ خان کے بعد ایم کیو ایم کی سٹی حکومت اور اس کا ناظم رہا ، ایم کیو ایم ، پیپلز پارٹی اور نواز لیگ کے ساتھ وفاقی و صوبائی حکومتوں میں شامل رہی لیکن کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا ، 2015میں بھی ایم کیو ایم کی بلدیاتی حکومت اور اس کا میئر بنا اور چار سال یہ حکومت کرتے رہے لیکن کراچی کے مسائل حل نہیں ہو ئے ،ایک طرف یہ اختیارات کا رونا روتے رہے اور دوسری طرف حکومتی مراعات بھی وصول کرتے رہے اور اپنی مدت پوری کر کے کراچی کو تباہ و برباد کردیا ۔پیپلزپارٹی 14سال سے سندھ میں حکومت کررہی ہے ، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم دونوں نے مل کر کراچی کو تباہ کیا ہے ، پی ٹی آئی نے بھی اہل کراچی کو شدید مایوس کیا ۔اسماء سفیر نے کہا کہ مخلص و دیانت قیادت کے ہاتھوں میں اقتدار آ نے کے بعد واضح اور مثبت تبدیلی ہم اپنی آ نکھوں سے دیکھ سکتے ہیں۔ موجودہ نظام و قیادت کی تبدیلی کے بغیر شہر قائد کی تقدیر نہیں بدل سکتی۔بلدیاتی انتخابات میں آ زمائے ہوئے لوگوں کو دوبارہ لانا شہر کی بدنصیبی ہوگی۔جماعت اسلامی کے نامزد امیدواران غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات کو سمجھتے اور ان کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔پرانے چہروں کو مسترد کرکے عوام کا خون نچوڑنے والوں سے نجات کے لیے ترازو کو ووٹ دیں۔ حافظ نعیم الرحمن کی قیادت پر پورا اعتماد ہے۔ نامزد امیدواروں کی کامیابی کے لیے پرعزم ہیں اور بھرپور تیاری کے ساتھ انتخابات میں اتریں گے۔