مزید خبریں

ہائی ٹیک ہائبر ڈبیج سے خوراک کو خطرے سے بچاناممکن ہے ، شہزاد ملک

اسلام آباد(کامرس ڈیسک) پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے تمام فصلوں کے لیے ہائی ٹیک ہائبرڈ بیج استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ بمپر پیداوار حاصل کرکے خوراک کے عدم تحفظ کے بڑھتے ہوئے خطرہ سے بچا جا سکے جو روس یوکرین جنگ کے نتیجے میں منڈلا رہا ہے۔ ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور زراعت اس کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی عالمی لہر اور کچھ دیگر خطرناک و پریشان کن چیلنجز کے پیش نظر ہمیں اپنے زرعی شعبے کو جدید سائنسی خطوط پر تبدیل کرنا ہوگا تاکہ بمپر پیداوار کو یقینی بنا کر بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ یوکرین پر روس کے حملے کے اثرات سے دنیا کی شاید ہی کوئی زرعی منڈی محفوظ رہی ہو۔ بحیرہ اسود کے علاقے کے اندر اور باہر لاکھوں لوگوں کو غذائی تحفظ کے خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔جنگ کی وجہ سے یوکرین اور روس سے خوراک کی برآمدات تعطل کا شکار ہیں، خاص طور پر گندم، مکئی اور سورج مکھی کے تیل کی سپلائی متاثر ہوئی ہے، ان اشیاکی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، متبادل مصنوعات کی مانگ بھی بڑھ گئی ہے،کھانا پکانے کے تیل کے متبادل تلاش کیے جا رہے ہیں، بحیرہ اسود سے کھاد کی برآمدات کم ہوئی ہیں اور فصلوں کی مقدار اور نوعیت کو تبدیل کر کے انہیں تمام خطوں میں اگانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ توانائی کی مہنگائی کی وجہ سے خوراک اور کھاد کی قیمتیں بڑھ جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر 20 ممالک نے خوراک کی برآمدات پر پابندیاں عائد کر دی ہیں تاکہ ملکی آبادی پر خوراک کی بلند قیمتوں کے اثرات کو محدود کیا جا سکے جبکہ دیگر ممالک بھی عالمی منڈیوں میں سپلائی کو مزید کم کر سکتے ہیں۔ شہزاد علی ملک نے کاشتکاروں اور کسانوں میں ہائی ٹیک ہائبرڈ بیج کے استعمال کے بارے میں آگاہی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا۔