مزید خبریں

نان فائلر کیلیے گاڑی رجسٹریشن ٹیکس 100 فیصد بڑھا دیا گیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/آن لائن) نان فائلر کے لیے گاڑی رجسٹریشن ٹیکس 100 فیصد بڑھا دیا گیا۔ چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد نے فنانس بل سے متعلققائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ گاڑیوں پر نان فائلر کے لیے ٹیکس کو100 فیصد بڑھا دیا گیا ہے جس پر قائمہ کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ چھوٹی گاڑیوں پر ٹیکس نہ لگایا جائے، چاہے وہ فائلر ہے یا نان فائلر۔ اس بات کی مخالف کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ معیشت کو دستاویزی شکل دینا چاہتے ہیں‘ نان فائلر گاڑی خرید سکتا ہے تو ٹیکس دے، نان فائلر جو بھی پراپرٹی خریدے گا وہ 5 فیصد ٹیکس دے گا۔ تفصیلات کے مطابق قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے نان فائلر پر گاڑیوں کی رجسٹریشن کا ٹیکس 100 فیصد بڑھانے کی تجویز منظور کرلی اور ایف بی آر کو ہدایت دی کہ آرڈی ننس کے ذریعے قانون سازی نہ کی جائے، جو بھی قانون سازی ہو اسے بل کی شکل میں لایا جائے۔ اجلاس میں ایف بی آر حکام نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستانیوں کو دبئی، لندن ، نیویارک کی ڈکلیئرڈ پراپرٹی کی قیمت پر ایک فیصد کیپٹل ویلیو ٹیکس ادا کرنا ہوگا‘ حکومتی ملازمین، ریٹائرڈ اور سرونگ آرمی ملازمین سے پراپرٹی پر کیپٹل گین ٹیکس کی چھوٹ واپس لی جا رہی ہے تاہم عدالت عظمیٰ ڈیم فنڈ کو ٹیکس چھوٹ دی گئی ہے‘ انکم ٹیکس چھوٹ نجی رفاعی اداروں کو بھی حاصل ہے۔ سینیٹر سعدیہ عباسی نے عدالت عظمیٰ ڈیم فنڈ پر اعتراض اٹھایا اور کہا کہ پانی کے ذخائر بڑھانے کا کام حکومت کا ہے، عدالت عظمیٰ کو یہ اختیار ہرگز نہیں کہ اس پر کام کرے، اسی طرح ملک ریاض سے ملنے والا پیسہ بھی عدالت عظمیٰ کے پاس ہے۔ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ،محصولات و اقتصادی امورکی تجاویز پرمبنی رپورٹ منگل کو سینیٹ میں پیش کی جائے گی ۔