مزید خبریں

حیدرآباد،ایدھی فاؤنڈیشن کی اراضی خالی کرانے کیلیے رینجرز طلب

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ضلعی انتظامیہ نے ایدھی فائونڈیشن کی مردہ خانے کی اراضی سے غیرقانونی قبضے اورتجاوزات ختم کرانے کیلیے رینجرز سے مدد طلب کرلی،آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلیں گئیں،16جون کو انسدادتجاوزات آپریشن کیا جائے گا، قابضین کی جانب ممکنہ مزاحمت اورامن وامان برقراررکھنے کیلیے گرفتاریوں کا فیصلہ ،سندھ ہائی کورٹ اوراینٹی انکروچمنٹ ٹربیونل نے ایدھی فائونڈیشن کی اراضی کو واہ گزار کرنے کے احکامات دیتے ہوئے قابضین پر 2،2لاکھ روپے جرمانے ایدھی فائونڈیشن فنڈمیں جمع کرانے کے احکامات دیے تھے۔تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر لطیف آباد محمد اقبال اعوان نے تعلقہ لطیف آباد میں ایدھی فائونڈیشن اپناگھر مکرانی محلے میں مردہ خانے اور اسپتال کیلیے مختص اراضی پر غیرقانونی قبضے اور تجاوزات کو واہ گزار کرانے کیلیے انسدادتجاوزات آپریشن شیڈول جاری کردیا،جس میں رینجرز اور پولیس حکام سے استدعا کی گئی ہے کہ 16جون کوکارروائی کے دوران رینجرز اورپولیس اور لیڈی پولیس کی نفری تعینات کی جائے ،جبکہ میونسپل کمشنر کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام مشنری اوراسٹاف کی موجودگی یقینی بنائی جائے،جبکہ ایگزیکٹو انجینئرہائی ویز لطیف آباد ڈویژن،ایکسین ،ایس ڈی او حیسکو، منیجرسوئی سدرن گیس کمپنی،ڈپٹی سپریٹنڈنٹ پولیس لطیف آباد،ڈی ایس پی ٹریفک،مختیارکارلطیف آباد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ سیل میونسپل کارپوریشن، ایس اوٹریفک لطیف آباد،ایس ایچ او اینٹی انکروچمنٹ فورس،متعلقہ ایس ایچ او، انچارج ڈی آئی بی اورانچارج اینٹی انکروچمنٹ سیل بلدیہ لطیف آباد کو بھی آپریشن میں حصہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے،سندھ ہائی کورٹ ایدھی فائونڈیشن کی اراضی پر قبضے غیرقانونی قراردیے جانے کے بعد اینٹی انکروچمنٹ ٹربیونل نے ضلعی انتظامیہ کو 15روز میں ایدھی اراضی کو واہ گزار کرانے اوراراضی ایدھی انتظامیہ کے حوالے کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیاتھا لیکن کئی ماہ گزرنے کے باوجود ان احکامات پر عملدرآمد نہیں کیاگیا جس کے بعد ڈپٹی کمشنر فواد غفار سومرو اورڈائریکٹر لینڈ بلدیہ ڈائریکٹر عارف جہیجو کی خصوصی دلچسپی کے بعد مردہ خانے کی اراضی واہ گزار کرانے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مختیار کارلطیف آباد کے بعض عملے کی ملی بھگت سے قابضین کو انسدادتجاوزات آپریشن کے موقع پر ہنگامہ آرائی اوربڑی تعداد میں خواتین کی موجودگی یقینی بنانے کا منصوبہ تشکیل دیاگیا ہے تاکہ قبضوں کو برقرار رکھا جاسکے۔ دوسری طرف بلدیہ ڈائریکٹر لینڈ دفتر کی جانب سے غیرقانونی تجاوزات کی نشاہدہی کیلیے نشانات بھی لگادیے گئے ہیں اور قابضین کو مذکورہ اراضی رضاکارانہ طور پرخالی کرنے کیلیے اعلانات بھی کرائے جارہے ہیں،بعض قابضین کی جانب سے سوشل میڈیاپر جاری کی گئی ویڈیو میں ان کی جانب سے مذکورہ اراضی اپنے آبائو اجداد کی ملکیت قراردیتے ہوئے بھرپور مزاحمت کرنے کا اعلان کیاگیاہے،جبکہ ایدھی فائونڈیشن کی جانب سے مردہ خانے کے قیام کیلیے جدیدمشنری کو کراچی سے حیدرآباد پہنچادیاگیا ہے ۔