مزید خبریں

جیکب آباد کے وفاقی و صوبائی وزرا نے شہر کیلئے کچھ نہیں کیا،حسین محنتی

جیکب آباد (نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی مخلص دیانتداروخدمت کے جذبہ سے سرشار قیادت ہی ملک میں حقیقی تبدیلی عوام کو مہنگائی بیروزگاری کرپشن اورسودی نظام سے نجات دلاسکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ جیکب آباد کے موقع پربلدیاتی ورکرزکنونشن،حلقہ خواتین ،مقامی نظم،برادرتنظیمات اوربلدیاتی امیدواران کے اجتماعات سے خطاب کے دوران کیا،امیرضلع حاجی دیدارعلی لاشاری،جنر ل سیکرٹری صادق علی ملغانی،مقامی امیرہدایت اللہ رند اورالخدمت کے ضلعی صدرغلام حیدرپیرزادہ ودیگر ذمے داران بھی ساتھ موجود تھے۔ قبل ازیں امیرصوبہ کابائی پاس پرشاندار استقبال اورگاڑیوں کے جلوس میں شہرلایا گیا۔ صوبائی امیر محمد حسین محنتی کا مزیدکہنا تھا کہ کتنے دکھ وافسوس کی بات ہے کہ قیام پاکستان سے لیکر ابتک یہاں سے منتخب نمائندے ایوان صدر،اسپیکر اورکئی مرتبہ وفاقی وصوبائی وزیر بھی رہے مگرآج بھی اس دور جدید میں جیکب آباد کے عوام پینے کے صاف ومیٹھے پانی سے محروم ہیں۔مخلص ودیانتدار قیادت کی فقدان کی وجہ سے ملک مقروض اورعوام مہنگائی بدامنی وبیروزگاری کا شکار ہیں۔حکمرانوں کے کاروبار واثاثہ جات میں مسلسل اضافہ جبکہ غریب آدمی دووقت کی روٹی کے لیے بھی سخت پریشان ہے۔اس لیے نظام وقیادت کی تبدیلی کے بغیر ملک وقوم کی تقدیر نہیں بدل سکتی۔جماعت اسلامی دینی نظریاتی واصولی جماعت ہے اقتدارمیں نہ ہونے کے باوجود صحت تعلیم صاف پانی روزگار اورقدرتی آفات کے موقع پراپنے فلاحی ادارے الخدمت کے ذریعے سندھ کے عوام کی بھرپور خدمت کر رہی ہے اس لیے عوام اپنے بنیادی مسائل کے حل کے لیے ترازوکے نشان پر مہر لگائیں۔ انہوں نے کہاکہ سابقہ وموجودہ حکمران غیروں کی غلامی اور عوام کاخون نچوڑنے میں مصروف ہیں۔ سندھ کو اپنے حصہ کا پانی دیا جائے حکومتی نا اہلی کی وجہ سے آج سندھ کے عوام مہنگائی بے روزگاری ، اور بدامنی سے پریشان جبکہ کاشتکار زراعت اور لوگ پینے کے صاف پانی سے محرو م ہیں۔صوبائی امیر نے مقامی نظم،خواتین اوربرادرتنظیمات کے تمام ذمے داران کو ہدایات کی کہ وہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے نامزدامیدواروں کی کامیابی کے لیے اپنا بھرپورکردارادا کریں۔