مزید خبریں

چوڑی فیکٹری مالکان لیبر قوانین پر عمل کریں

چوڑی کی صنعت سے وابستہ مزدوروں کے حقوق کے لیے قائم ایکشن کمیٹی کا اجلاس انارکلی سینٹر حیدر آباد میں منعقد ہوا۔ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین رحمت اللہ کے علاوہ مزدور رہنماؤں اظہر گدی، مجیب الرحمن، ریحان، رفیق بھائی، اختر اور سیسی آفیسرز مینجمنٹ فاؤنڈیشن کے چیئرمین عابد بخاری نے شرکت کی۔ اظہر گدی نے اجلاس کو بتایا کہ ایکشن کمیٹی کا لیٹر منسٹر لیبر، کمشنر سوشل سیکورٹی، چیئرمین EOBI اور لیبر ڈیپارٹمنٹ کے ذمہ داران کو موصول ہو گیا ہے۔ جس میں چوڑی کارخانوں کے مظلوم اور بے سہارا مزدوروں کو
لیبر قوانین کے مطابق حقوق دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ چوڑی کے ایک کارخانے کے مالکان نے اپنی عادت کے مطابق جب 3 جون کو 4 مزدوروں کو غیر قانونی طور پر کام سے نکال دیا تو 4 جون کو مزدوروں اور رہنماؤں نے احتجاجاً اس چوڑی فیکٹری کی لیبر گاڑی سڑک پر روک لی۔ جس پر چوڑی فیکٹری کی انتظامیہ اور ایکشن کمیٹی کے چیئرمین رحمت اللہ خان، مزدور رہنماؤں مجیب الرحمن اور ارشاد عباسی کے درمیان فوری مذاکرات ہوئے۔ جس کے نتیجے میں نکالے جانے والے مزدوروں کو نوکری پر بحال کر دیا گیا، جس کے بعد چوڑی فیکٹری کی گاڑی کو جانے کی اجازت دے دی گئی۔ اجلاس میں موجود تمام لوگوں نے فیکٹری انتظامیہ سے کامیاب مذاکرات پر تینوں رہنماؤں اور مزدوروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ قانونی مسائل پر وکلاء سے رابطے کے لیے چیئرمین ایکشن کمیٹی رحمت اللہ اور مزدور رہنماؤں مجیب الرحمن اور اظہر گدی پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔