مزید خبریں

دعا زہرا کیس، عدالت نے گرفتار 10 ملزمان کو رہا کردیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کی مقامی عدالت میں دعا زہرا کیس کی سماعت ہوئی جہاں پولیس کی جانب سے ظہیر کی ضعیف خالہ سمیت بارہ ملزمان کو پیش کیا گیا جس میں ظہیرکا بھائی بھی شامل تھا ۔عدالت نے ملزمان کا نام مقدمے سے خارج کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملزمان کو ذاتی مچلکے جمع کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے تفتیش میں ضرورت پڑنے پر ملزمان کو پولیس سے تعاون کرنے کا حکم دیا، نکاح خواں غلام مصطفی اور گواہ علی اصغر کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیاگیا، گرفتار 80 سالہ خاتون سمیت 12 ملزمان عدالت میں پیش کیے گئے۔عدالت نے استفسار کیاکہ کیس کا مرکزی ملزم ظہیر کہاں ہے؟ عدالت میں پیش ہونے والے ڈی ایس پی شوکت کاکہناتھا کہ میں تفتیشی افسر نہیں ہوں ان کی طبیعت خراب ہے، عدالت نے کیس کے تفتیشی افسر کو فوری طلب کرلیا ۔پولیس کاکہناہے کہ ظہیر نے خالہ کے موبائل فون سے کال کی،کال ریکارڈ کے ذریعے ملزمان کو گرفتار کیا گیا ، گرفتار ملزمان میں ظہیر کے رشتے دار اور جاننے والے شامل ہیں۔ ملزمان نے ظہیر کے ساتھ مختلف نوعیت کا تعاون کیا۔