مزید خبریں

کراچی مویشی منڈی ،لمپی اسکن ظاہر ہونے پر جانوروں کے 9 ٹرک واپس

کراچی (رپورٹ: منیر عقیل انصاری) سپرہائی وے پر لگنے والی ایشیاء کی سب سے بڑی مویشی منڈی میںجانوروں میں لمپی اسکن کی علامت ظاہر ہونے پراب تک 450 جانوروں سے لدے 9 ٹرک واپس کردیے گئے ہیں، مویشی منڈی کے ایڈمنسٹریٹر مظفر حسن نے کہا ہے کہ منڈی کے مارشلنگ ایریا میں جانوروں کے ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم موجود ہے جو مویشی منڈی آنے والے جانوروں کا باقاعدگی سے معائنہ کرتی ہے اور اگر کسی بھی جانور میں لمپی اسکن کہ علامات ظاہر ہوتی ہیں تو پورے ٹرک کو واپس بھیج دیا جاتا ہے، 27مئی سے اب تک جانوروں سے لدے 9 ٹرک واپس کیے جاچکے ہیں جن میں لمپی اسکن کی علامات موجود تھیں۔ انہوں نے کہاکہ سپرہائی وے پر لگنے والی ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک ڈھائی ہزار سے زاید جانور لائے جاچکے ہیں جس میں گائے ،بیل اور بکرے شامل ہیں۔ اس سال مویشی منڈی میں 4 لاکھ جانوروں کی آمد متوقع ہے۔انہوں نے کہا کہ مویشی منڈی میں بجلی کا انتظام بھی آخری مراحل میں ہے۔ ٹینٹ لگنا شروع ہوگئے ہیں تاہم وی آئی پی ٹینٹ ابھی نصب نہیں گئے ہیں۔ ترجمان مویشی منڈی کا کہنا تھا کہ اس سال بیوپاریوں کو جدید سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں تاکہ انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہاکہ ہر سال کی طرح اس سال بھی لگنے والی ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی میں ملک بھر سے آنے والے مویشی کے بیوپاریوں کو جنرل بلاک میں پلاٹ کی بکنگ کے لیے مختص فیس کم کرکے صرف 100 روپے کردی گئی ہے، جبکہ منڈی میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا طریقہ کار بھی آٹومیشن کے ذریعے کردیا گیا ہے ، مویشی منڈی میں اس مرتبہ گائے اور بکروں کے لیے رسیدیں ایک ہی کاؤنٹر سے جاری کی جائیں گی، مویشی منڈی میں عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے فریضے کی ادائیگی کے لیے ملک بھر سے جانوروں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس سال بیوپاریوں اور شہریوں کی سہولت کے لیے منڈی میں ہر تھوڑے فاصلے پر پینے کے ٹھنڈے پانی کے ڈرم رکھے جائیں گے تاکہ گرمی کے موسم میں شہریوں کو ٹھنڈا پانی میسر آسکے۔ بیوپاریوں اور خریداروں کی سہولت کے لیے ہر سال کی طرح مختلف بینکوں کی جانب سے مویشی منڈی میں اے ٹی ایم مشینیں بھی نصب کردی گئی ہیں جبکہ عارضی بینک بھی کھول دیے گئے ہیں، اس حوالے سے ترجمان مویشی منڈی نے کہا کہ سپر ہائی وے مویشی منڈی میں قربانی کے جانور فروخت کے لیے آنے والے بیوپاریوں کو پلاٹ کی بکنگ کا طریقہ کار تبدیل کردیا گیا ہے اور اس مرتبہ آٹومیشن کے لیے پلاٹوں کی بکنگ کی جائے گی کاؤنٹر پر موجود نمائندہ بیوپاری کی تصویر لے گا اور 3 حصوں پر مشتمل رسید بیوپاری کو دی جائے گی جس میں ایک حصہ بینک میں جمع ہوگا ایک حصہ منڈی انتظامیہ کے پاس اور ایک بیوپاری کے پاس ہوگا، ترجمان مویشی منڈی کے مطابق پلاٹ کی بکنگ کی فیس کم کرکے اس مرتبہ صرف 100 روپے کردی گئی ہے جبکہ منڈی میں قربانی کے جانوروں لانے کی فیسوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔