مزید خبریں

اسرائیلی فوج کی غزہ پر مشین گن سے فائرنگ ، بیت لحم میں نوجوان شہید

غزہ (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کے مکانات کو بھاری مشین گنوں آنسو گیس کی شیلنگ سے نشانہ بنایا۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کی پٹی کے قصبے بیت حانون کے مشرق میں واقع علاقے نعایمہ میں فلسطینیوں کے گھروں پر گولیاں اور آنسو گیس کے شیل برسائے ، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دوسری جانب غرب اردن کے شہر بیت لحم کے جنوب میں واقع دہیشہ مہاجر کیمپ پر اسرائیلی فوج کے حملے میں ایمن محیسن عبوینی نامی فلسطینی نوجوان گولی لگنے سے شہید ہو گیا۔ جمعرات کے روز اسرائیلی فوج کے خصوصی دستے کے اہلکاروں کی بڑی تعداد نے کیمپ پر دھاوا بولا۔ اس دوران مقامی نوجوانوں نے پتھروں، شیشے کی خالی بوتلوں اور پٹرول بموں سے جوابی حملے کیے۔ اسرائیلی فوج نے احتجاج کرنے والے فلسطینی نوجوانوں پر براہ راست فائرنگ کی ،جس کے باعثایمن محیسن فلسطینی شہید ہوگیا۔ صہیونی فوج کی شیلنگ سے 4فلسطینی نوجوان بھی زخمی ہوئے۔ یاد رہے کہ بدھ کے روز اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے خاتون صحافی غفران وراسنہ شہید ہوگئی تھیں۔ اسرائیلی فوج نے بے حسی کی انتہا کرتے ہوئے خاتون کے جنازے پر بھی شیلنگ کردی۔ واضح رہے کہ صہیونی فوج فلسطین میں اپنے خلاف میڈیا اور ابلاغی نمایندوں کو باقاعدگی سے نشانہ بنارہی ہے۔ فلسطین میں ذرائع ابلاغ کی آزادیوں کی نگرانی کرنے والی ایک کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ صحافیوں پر 162حملے کیے گئے ۔