مزید خبریں

جنوبی کوریا نے ایشیا ہاکی کپ جیت لیا ، پاکستان کی 5ویں پوزیشن

جکارتہ(نمائندہ خصوصی) ایشیاء ہاکی کپ کا فائنل جنوبی کوریا نے جیت لیا۔ ملائیشیا کو 2-1سے شکست ۔ پانچویں پوزیشن کے میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو صفر کے مقابلے میں 8 گول سے ہرادیا ۔ بھارت نے جاپان کو 1-0سے مات دے کر تیسری پوزیشن پر قبضہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں کھیلے گئے ایشیا ہاکی کپ کے فائنل میں جنوبی کوریا نے ملائیشیا کو 2-1سے ہراکر ایشیا ہاکی کپ جیت لیا۔ جب کہ بھارت نے جاپان کو 1-0مات دے کر تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔ پاکستان نے پانچویں پوزیشن کے لیے کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش کو 8-0سے ہراکر اپنی پوزیشن مستحکم کرلی۔ پاکستان کی جانب سے 11ویں منٹ میں رضوان علی نے، 16ویں اور 32ویں منٹ میں مبشر علی نے گول اسکور کیے۔ تینوں گول شارٹ کارنر کے ذریعے کیے گئے۔پاکستان کی جانب سے چوتھا فیلڈ گول افراز نے، پانچواں فیلڈ گول 39ویں منٹ میں عبدالحنان شاہد نے،چھٹا فیلڈ گول 48ویں منٹ میں عمر بھٹہ نے،ساتواں فیلڈ گول 53ویں منٹ میں اعجاز احمد نے، کھیل کے آخری منٹ میں آٹھواں فیلڈ گول غضنفر علی نے اسکور کیا۔ایشیا ہاکی کپ میں پاکستان کی کارکردگی شاندار رہی تاہم جاپان سے ہار نے قومی ٹیم کے ورلڈکپ میں رسائی کے خواب کو چکنا چور کردیا تھا۔ واضح رہے کہ پاکستان نے ایونٹ میں بھارت سے میچ ڈرا، انڈونیشیا کو صفرکے مقابلے میں 13 گولز، 5 گولز کی شکست سے دوچار کیا تھا جبکہ جاپان نے 2-3سے ہرایا تھا۔ ٹیم کے ہمراہ ٹیم منیجر اولمپیئن خواجہ جنید،ہیڈ کوچ سیگفرائیڈ ایکمین،کوچ وسیم احمد، فزیکل انسٹرکٹر ڈینیئل بیری، فزیو تھراپسٹ عدیل اختر اور ویڈیو انالسٹ ندیم لودھی شامل ہیں۔