مزید خبریں

ملکی معیشت انتہائی نازک حالت میں ہے ، زبیر موتی والا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ ( پڈاٹ) کے وفد نے قمر زمان کی قیادت میں بیرون ملک نامزد پاکستان کے قونصل جنرلز اور ٹریڈ و کمرشل آفیسرز کے ساتھ سرمایہ کاری کی راہوں کی نشاندہی کرنے اور برآمدات کے لیے امید افزا مصنوعات اور سروسز کی نشاندہی کرنے میں کراچی چیمبر سے مدد طلب کی ہے تاکہ دنیا بھر کے بعض منافع بخش مارکیٹوں میں اسے مؤثر طریقے سے فروغ دیا جا سکے۔ پڈاٹ کے وفد نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے دورے کے دوران تبادلہ خیال کرتے ہوئے کے سی سی آئی کے ساتھ ماہانہ بنیادوں پر آن لائن میٹنگز منعقد کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وہ مشترکہ طور پر تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر سکیں اور پاکستان اور ان کے متعلقہ ممالک کی تاجر برادری کے درمیان مضبوط روابط قائم کیے جا سکیں۔ اجلاس میں چیئرمین بزنس مین گروپ زبیر موتی والا (بذریعہ زوم)، صدر کے سی سی آئی محمد ادریس، سینئر نائب صدر عبدالرحمان نقی، نائب صدر قاضی زاہد حسین، چیئرمین ڈپلومیٹک مشنز اینڈ ایمبیسیز لائژن سب کمیٹی ضیاء العارفین، سابق نائب صدر شمس الاسلام خان اور کے سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ اس موقع پر ترکی، بھارت، افغانستان، روس، جرمنی، فرانس، امریکا، ایران، چین، بنگلا دیش، تاجکستان، بیلجیئم اور قطر میں پاکستان کے قونصل جنرلز اور ٹریڈ آفیسرز بھی موجود تھے۔چیئرمین بی ایم جی زبیر موتی والا نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی معیشت انتہائی نازک حالت میں ہے کیونکہ ملک میں زرمبادلہ کی کمی ہے اور اسے 18 ارب ڈالر کے بھاری تجارتی خسارے کا سامنا ہے جس کو برآمدات میں اضافے اور درآمدات میں کمی سے ہی کم کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان کے جی ڈی پی میں برآمدات کا حصہ 8 فیصد ہے جسے کم از کم 12 فیصد تک بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستانی سفیروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کا مثبت امیج پیش کریں اور اسے فروغ دیں۔ پاکستان کے امیج کو صحیح طریقے سے متعارف نہیں کرایا گیا اور منفی پروپیگنڈے نے پاکستان کو ایک غیر محفوظ یا دہشتگرد ریاست کے طور پر پیش کیا ہے جو بہت سے ممالک کے باشندوں کو پاکستان کے ساتھ کاروبار کرنے سے گریزاں رہنے پر مجبور کر تا ہے۔ ہمیں اس منفی پروپیگنڈے کو شکست دینے اور پاکستان کے مثبت امیج کے ساتھ ساتھ میڈ ان پاکستان لوگو کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں مجموعی صورتحال بہت بہتر ہے کیونکہ اب امن و امان کا مسئلہ نہیں رہا جبکہ لوگ بہت ملنسار اور پرامن ہیں۔ زبیر موتی والا نے کہا کہ قدرت نے کراچی اور پاکستان کو خوبصورت مقامات سے نوازا ہے جس کی مثبت انداز میں تصویر کشی کی ضرورت ہے اس ضمن میں کراچی چیمبر مکمل مدد اور معلومات فراہم کرنے کے لیے ہمیشہ دستیاب رہے گا۔ انہوں نے امریکا کی طرف سے بھارت اور دیگر حریفوں کو ترجیحی کسٹم ڈیوٹی اور محصولات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹریڈ آفیسرز کو پاکستان کو ترجیحی کسٹم ڈیوٹی اور ٹیرف کے لیے امریکا میں لابنگ کرنی چاہیے تاکہ پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی میں زیادہ سے زیادہ سامان بھیجا جا سکے۔ اگر یہ ہمارے حریف ممالک کو یہ سہولت دستیاب ہے۔