مزید خبریں

فیصل آباد: جماعت اسلامی آج سے 3 روزہ دھرنا دیگی

 

فیصل آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی پنجاب میں گندم کے کاشتکاروں سے ہونے والی ناانصافی اور معاشی قتل عام کے خلاف امیر جماعت حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر جماعت اسلامی آج سے چوک گھنٹہ گھر میں 3 روزہ دھرنا دے گی۔ کسانوں کا معاشی قتل عام نہیں ہونے دیں گے، حکومت کو مجبور کریں گے کہ کسان کے کھیت سے ایک ایک دانہ اُٹھائے۔ حکومت نے کسانوں سے ناانصافی جاری رکھی تو اگلے مرحلے میں وزیراعلیٰ ہائوس کا گھیرائو کیا جائے گا، حافظ نعیم الرحمن 17 مئی کو الفتح گرائونڈ میں عوامی استقبالیے سے خطاب کریں گے۔ اس امر کا فیصلہ المرکز الاسلامی چنیوٹ میں صوبائی جنرل سیکرٹری نصر اللہ گورائیہ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔ ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ، صدر سیاسی کمیٹی میاں طاہر ایوب، سیکرٹری یاسر کھارا ایڈووکیٹ و دیگر برادر تنظیموں کے عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ عوامی استقبالیے کے انتظامات کے لیے آرگنائزنگ کمیٹی قائم کر دی گئی جس کے سربراہ میاں طاہر ایوب ہوں گے، جبکہ ثاقب فاروق بٹ، شیخ عمران اصغر، خالد محمود چوہدری، میاں اعجاز حسین، میاں کاشف حسین، شیخ محمد آصف، یوسف گل پراچہ کمیٹی کے ممبر ہوں گے، استقبالیہ تقریب یادگار بنانے کے لیے کمیٹی نے کام کا آغاز کر دیا۔