مزید خبریں

روس کو شکست دیے بغیر ناٹو میں شامل نہیں ہوسکتے‘ یوکرینی صدر

کیف (انٹرنیشنل ڈیسک) یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ اگر یوکرین نے ناٹو میں شامل ہونا ہے تو اس کے لیے روس کو شکست دینا ہوگی۔ خبررساں اداروں کے مطابق یوکرینی صدر زیلنسکی نے کیف میں فوجی افسران سے ملاقات میں کہا ہے کہ ناٹو میں شامل ہونے کے لیے یوکرین کو میدان جنگ میں روس کو شکست دینے کی ضرورت ہے۔ زیلنسکی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہم ناٹو میں تب ہی شامل ہوں گے جب ہم جیتیں گے اور مجھے نہیں لگتا کہ جنگ کے دوران ہمیں ناٹو میں شامل کیا جائے گا۔ حتمی رکنیت یوکرین کی آزادی کو محفوظ بنائے گی۔ انہوں نے اپنے اس موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین کی ناٹو میں شمولیت کے لیے اس کے 32 ارکان کی متفقہ منظوری درکار ہوگی۔ ان میں سے کچھ یوکرین کو مسلح تصادم کے درمیان تسلیم کرنے سے گریزاں ہیں کیوں کہ وہ خطرات کو محسوس کرتے ہیں۔ دیگر ارکان محض اس حوالے سے شکوک کا اظہار کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ امریکا کی قیادت میں قائم ناٹو یٹو اتحاد نے بھی اس سے قبل واضح کیا تھا کہ روس کے ساتھ لڑائی جاری رہنے کے دوران یوکرین ناٹو کا رکن نہیں بن سکتا۔ ادھر یوکرین کو شکوہ ہے کہ اس کے یورپی اتحادی عسکری سازوسامان کی ترسیل کم کررہے ہیں۔ دوسری جانب جرمنی نے سوشل ڈیموکریٹک پارٹی پر سائبر حملے میں روسی ہیکروں کے ملوث ہونے کا دعویٰ کردیا۔ جمعہ کے روزجرمن وزیر خارجہ اینالینا بیرباک نے آسٹریلوی شہر ایڈیلیڈ میں ہم منصب پینی وانگ کے ساتھ نیوز کانفرنس میں کہا کہ سائبر حملے میں اے پی ٹی 28نامی ہیکروںکا گروہ ملوث ہے،جسے روسی انٹیلی جنس چلاتی ہے۔