مزید خبریں

روس یوکرین میں کیمیائی ہتھیار استعمال کر رہا ہے ، امریکا کا الزام

واشنگٹن ( انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے روس پریوکرین جنگ میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا الزام عائد کردیا۔ امریکا کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ روس نے یوکرین جنگ میں کیمیائی ہتھیار استعمال کرکے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔ محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ روس نے یوکرین جنگ میں سانس لینے میں دشواری پیدا کرنے والے ہتھیاروں کا استعمال کیا۔امریکا نے روس، بیلاروس اور آذربائیجان کے شہریوں پر پابندیاں عائد کرنے کا اعلان بھی کیا۔ روسی میڈیا کے مطابق پابندیوں کا شکار افراد کا تعلق روس کے فوجی صنعتی کمپلیکس سے ہے۔ روس کی تابکاری، کیمیائی اور حیاتیاتی ڈیفنس فورسز پر بھی پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ روس کے 16 جہازوں پر بھی امریکا نے پابندیاں لگادی ہیں۔ روسی سفیر اناطولے نے کہا ہے کہ امریکی اقدامات موقع پرستی اور شکاری ذہنیت کے عکاس ہیں۔دوسری جانب یوکرین کی بندرگاہ اوڈیسا پر روسی بیلسٹک میزائل حملے میں میں 13 افراد زخمی ہو گئے اور بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی۔مقامی میڈیا کے مطابق کارروائی کے دوران ڈاک اور کورئیر کی ایک بڑی کمپنی نووا پوشتا کے گودام کو نشانہ بنایا گیا ۔