مزید خبریں

نئی دہلی میں بم کی افواہ پر 50 سے زائدا سکول خالی کرا لیے گئے

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی دارالحکومت میں ای میل کے ذریعے بم کی دھمکی ملنے کے بعد درجنوں سکولوں کو خالی کرا لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسکولوں کی تلاشی کے دوران کوئی بارودی مواد نہیں ملا۔حکام نے بتایا کہ دہلی اور نوئیڈا کے مضافاتی علاقے میں 50 سے زیادہ اسکولوں کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئیں جس سے والدین میں خوف پھیل گیا اور اسکولوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے طلبہ کو گھر بھیج دیا۔ اس دوران والدین اسکولوں کے دروازوں کے باہر کھڑے بچوں کو لینے کا انتظار کرتے رہے،جب کہ پولیس ٹیموں، جاسوس کتوں والے اسکواڈز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے مشتبہ عمارتوں کا محاصرہ کرلیا۔ اس افواہ کی وجہ سے ہزاروں طلبہ متاثر ہوئے۔ دہلی پولیس نے ایک بیان میں کہاکہ دہلی پولیس نے پروٹوکول کے مطابق تمام اسکولوں کا مکمل معاینہ کیا ،جس کے بعد معلوم ہوا کہ یہ اطلاعات محض افواہ ہیں۔ پولیس نے دھمکی کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔ادھر وزارت داخلہ نے کہا کہ سیکورٹی ایجنسیاں تمام ضروری اقدامات کر رہی ہیں۔ دہلی کے وزیرِ تعلیم نے شہریوں سے پرامن رہنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی ضرورت ہوگی، اسکول کے حکام والدین کے ساتھ رابطے میں رہیں گے۔