مزید خبریں

یورپی ممالک کو جوہری ہتھیاروں کی پیشکش ‘فرانسیسی صدر پر تنقید

پیرس (انٹرنیشنل ڈیسک) فرانسیسی صدر عمانویل ماکروں کو حزب اختلاف کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔ حزب اختلاف نے ان پر مشترکہ یورپی دفاعی پالیسی پر جاری بحث میں جوہری ہتھیاروں کو شامل کرنے کی تجویز دینے کے بعد قومی خودمختاری کو ٹھیس پہنچانے کا الزام عائد کیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق ماکروں سے ایک انٹرویو میں پوچھا گیا کہ کیا فرانس اپنی جوہری صلاحیت کو یورپی بنانے کے لیے تیار ہے؟ جواب میں ماکروں نے کہاکہ ہمارے اہم مفادات کی ایک یورپی جہت ہے۔ میں جوہری اسلحہ کی تعیناتی کے حوالے سے اس بحث کو شروع کرنے کی حمایت کرتا ہوں۔انہوں نے میزائل شکن ڈھالیں، طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ جوہری ہتھیاروں کی تعیناتی کا بھی ذکر کیا۔ اس کے ردعمل میں اپوزیشن کے رہنما زیوئیر بیلامی نے ماکروں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیانات فرانسیسی خودمختاری کی حساسیت کو چھو رہے ہیں۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں شدید غصے میں کہا کہ ایک فرانسیسی سربراہ مملکت کو ایسا نہیں کہنا چاہیے۔ واضح رہے کہ بریگزٹ کے بعد سے فرانس واحد رکن ملک ہے جس کے پاس جوہری روک تھام کی صلاحیت ہے۔