مزید خبریں

بجلی و گیس لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج کیا جائیگا ٗ پبلک ایڈ کمیٹی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی پبلک ایڈ کمیٹی کی کور کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ادارہ نورحق میں سربراہ پبلک ایڈ کمیٹی سیف الدین ایڈووکیٹ کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں بجلی اور گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ اور کے الیکٹرک ، سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے نرخوں میں ظالمانہ اضافے ،زمینوں پر قبضے ،سرکاری ملازمتوں کی بندر بانٹ ، شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز ،چوری ڈکیتی،قتل و غارت گری ، امن و امان کی ابتر صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور طے کیا گیا کہ عوام کے ان مسائل کے خلاف وفاقی وصوبائی حکومتوں کے خلاف شہر بھر میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا ۔اجلاس میںپبلک ایڈ کمیٹی کے جنرل سیکرٹری نجیب ایوبی ،نائب صدر عمران شاہد، شاہد فرمان، جوائنٹ سیکرٹری زبیر ابوالحسن ،شعبہ تعلیم کے انچارج ابن الحسن ہاشمی ، ہاؤسنگ سوسائٹی سیل کے ممبر سید قطب احمد، سیکرٹری اطلاعات فائق علی خان و دیگر ذمے داران نے شرکت کی ۔ سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا کہ کراچی کی ملازمتوں پر جابرانہ قبضہ سندھ حکومت کا متعصبانہ رویہ ہے ،سرکاری ملازمتوں میں مقامی افراد کو نمائندگی دی جائے ۔